آسٹریلیا نے دوسرا ونڈے 7 رن سے جیت لیا

مارکس اسٹاونس کی شاندار بولنگ کی مدد سے آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ونڈے میں 7 رنوں سے شکست دیکر 3 میاچس کی سیریز 1-1 سے مساوی کردی۔ جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 232 رنوں کی ضرورت تھی تاہم وہ 50 اوورس میں 9 وکٹس کھوکر 242 رنوں تک ہی پہنچ پائی۔ افریقہ کیلئے ڈیویڈ ملر نے سب سے زیادہ 51 رن بنائے تاہم وہ ٹیم کو کامیابی دلانے میں ناکام رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ڈوپلسی نے 47‘ ہینڈرکس نے 16‘ مارکرام نے 19‘ کلاسین نے 14 اور پریٹوریس نے 14 رن اسکور کئے جبکہ لنگی نیگڈی 19 اور عمران طاہر 11 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے آل رائونڈر اسٹاونس نے 3‘ مشل اسٹارک اور ہیزلووڈ نے 2,2 جبکہ پیاٹ کیومنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کیپر الیکس کیرے اور کریس لین کی ذمہ دارانہ بیاٹنگ کی مدد سے 231 رن بنائے تھے۔ الیکس کیرے نے 47 جبکہ کریس لین نے 44 رن بنائے۔ کپتان آرون فنچ نے بھی ذمہ دارانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 4 چوکوں کی مدد سے 41 رن اسکور کئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شان مارش 22‘ گلین میکسویل 15 اور ایڈم زمپا نے 22 رن اسکور کئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا نے سب سے زیادہ 4‘ آل رائونڈر ڈیوین پریٹوریس نے 3‘ ڈیل اسٹین نے 2 جبکہ لنگی نیگڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ونڈے اتوار 11 نومبر کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں