آن لائن، حج درخواستیں داخل کرنے کی 17نومبر آخری تاریخ

اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا ہے کہ حج 2019 کے آن لائن درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 17 نومبر ہے۔ ہفتہ 10نومبر اور اتوار 11نومبر کو تعطیل کے باعث دفتر حج کمیٹی بند رہے گا اس طرح درخواست فارم داخل کرنے کے لئے صرف چھ دن ہی باقی رہ جاتے ہیں،اس لئے خواہش مند عازمین درخواست داخل کرنے میں عجلت کریں۔ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کے درخواست فارم کی آن لائن خانہ پری اور وصولی کے لئے حج ہاؤز میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں‘ جس سے روزانہ سینکڑوں افراد استفادہ کررہے ہیں‘ یہ سہولت تمام ایام کار میں باوقات 10:30بجے صبح تا 5بجے شام تک مہیا رہے گی‘ سرکاری تعطیلات میں یہ سہولت میسر نہیں ہوگی۔ آن لائن فارم داخل کرنے کے بعد درخواست گذار فارم کی ہارڈ کاپی ضروری دستخطیں کروانے کے بعد مناسب دستاویزات کے ساتھ دفتر حج کمیٹی میں داخل کریں‘ بعض افراد نے آن لائن درخواستیں داخل کی ہیں لیکن اس کی ہارڈ کاپی حج کمیٹی میں داخل نہیں کی ہے ‘ کور نمبر جاری کرنے کے لئے ہارڈ کاپی داخل کرنا لازمی ہے ‘ اس کو نظر انداز نہ کریں۔ تاحال حج کمیٹی میں لگ بھگ 5,000درخواستیں داخل کی جاچکی ہیں جن کو کور نمبر الاٹ کردیئے گئے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اس سال ایک فارم میں پانچ افراد کے نام شامل کرنے کی گنجائش مہیا کی جارہی ہے ان کے ساتھ دو شیر خوار بھی شامل کئے جاسکتے ہیں۔ خواہش مند افراد حج ہاؤز کو آتے وقت اپنے ساتھ پاسپورٹ کی کاپی‘ اگر موجودہ پتہ پاسپورٹ میںدرج پتہ سے الگ ہو تو ایڈریس پروف‘ ایک عدد کینسل شدہ چیک یا بینک پاس بک کی کاپی‘ پروسسنگ فیس کی ادائیگی کا چالان اور ایک عدد فوٹو کے علاوہ نامینی کی تفصیلات ساتھ لائیں۔ جن افراد کی عمر 17نومبر 2018کو 70 سال ہوچکی ہو ان کا بغیر قرعہ اندازی کے راست انتخاب عمل میں آئے گا اور ان کے ساتھ ایک رفیق سفر کو رکھنے کی اجازت ہوگی۔ ماہ دسمبر کے آخری ہفتہ میںقرعہ اندازی ہوگی ۔ پاسپورٹ 17 نومبر 2018سے قبل جاری کردہ اور31 جنوری 2020 تک کارکرد ہونا چاہئے۔ تفصیلات کیلئے فون نمبر 040-23298793 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔

جواب چھوڑیں