جنگاؤں میرا حلقہ ہے : پونالہ لکشمیا

 اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ دئیے جانے کی اطلاعات پر سابق وزیر وسابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے جمعہ کو برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ اسمبلی جنگاؤں میر ا حلقہ ہے ، اور وہ اس حلقہ سے ضرور انتخاب لڑیں گے ۔ حلقہ جنگاؤں کو عظیم اتحاد کی جماعتوں کے حوالے کئے جانے کی اطلاعات پر پونالہ لکشمیا نے یہ ریمارکس کئے ۔ انہوںنے کہا کہ وہ، نیوز رپورٹس دیکھے چکے ہیں۔ اگر حلقہ جنگاوں کو دیگر جماعتوں کے ریڈی لیڈر کو مختص کیا جاتا ہے تو اس کا خراب پیام ، ریاست کے عوام کو پہنچے گا ۔ بالخصوص پسماندہ طبقات ( بی سی ) کو اچھا پیام نہیں ملے گا ۔ اس کا فائدہ اپنی دشمن جماعت ٹی آر ایس کو ملے گا ۔ سابق پردیش کانگریس پونا لہ لکشمیا نے کہا کہ ریاست کے پسماندہ طبقات میں عدم سلامتی کا احساس پایا جاتا ہے ۔ لکشمیا کے ان ریمارکس کو اس لئے اہمیت مل رہی ہے کہ کیونکہ سمجھا جاتا ہے کہ اس حلقہ سے تلنگانہ جنا سمیتی کے بانی پروفیسر کودنڈا رام مقابلہ کرنے والے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوںنے جنگاؤں سے انتخاب لڑنے کے ارادہ سے کانگریس ہائی کمان کو بھی واقف کرایا ہے ۔ پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے امکان پر پونا لہ لکشمیا کو راجیہ سبھا میں روانہ کرنے کا تیقن دیا گیا ہے مگر اس بات کی توثیق نہیں ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں