ریاست کے 43 فیصد عوام کے سی آر کو دوبارہ چیف منسٹر بنانے کے خواہاں۔ انڈیا ٹوڈے کے سروے میں انکشاف

انگریزی جریدہ اور ٹیلی ویژن چیانل انڈیا ٹوڈے کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے امکانی نتائج کے متعلق کرائے گئے سروے کے حیرت انگیز اور چونکا دینے والے نتائج سامنے آئے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کی جانب سے پولیٹیکل اسٹاک ایکسچینج کے عنوان سے تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے امکانی نتائج کے متعلق عوام کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ۔ اس سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے 43 فیصد عوام ، ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کو دوبارہ چیف منسٹر بنتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں اور مزید بتایا گیا کہ کے چندر شیکھر راؤ کا دوبارہ چیف منسٹر بننے کا 75 فیصد امکان ہے جبکہ کانگریس قائد و صدر ٹی پی سی سی این اتم کمار ریڈی کو 18 فیصد عوام اور بی جے پی قائد جی کشن ریڈی کو 15فیصد عوام چیف منسٹر کے عہدے پر فائز دیکھنا چاہتے ہیں ۔ صدر تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر ایم کودنڈا رام کو 6 فیصد عوام اور صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین اسد الدین اویسی کو4فیصد عوام کی تائید حاصل ہے ۔ دوسری طرف ریاست کے48 فیصد عوام نے کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آرایس کی چار سالہ دور حکومت کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا ۔ ریاست کے26 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور16 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی کو اوسط درجہ کی قرار دے رہے ہیں ۔ گذشتہ روز انڈیا ٹوڈے کی جانب سے جاری کردہ سروے رپورٹ سے ٹی آر ایس حلقوں میں خوشی کی لہر پھیل گئی جبکہ حالیہ عرصہ میں مختلف ٹی وی چیانلس کی جانب سے جاری کردہ سروے رپورٹس میں ٹی آر ایس حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پھیلنے اور کانگریس کے حق میں خاموش لہر چلنے کی اطلاع دی جارہی تھی۔ انڈیا ٹوڈے کے تازہ ترین سروے کی وجہ سے ٹی آر ایس قائدین میں نیا جوش پیدا ہونے کا امکان ہے۔

جواب چھوڑیں