شاہ غوث ہوٹل گچی باولی میں دھماکہ کے بعد آگ بھڑک اٹھی

شہر کے گچی باولی علاقہ میں واقع شاہ غوث ریسٹورنٹ میں آج 12:20 بجے دن کے قریب گیس سلنڈر دھماکہ سے پھٹ پڑا اور اس کے بعد آگ بھڑک اٹھی ۔مادھاپور کے ڈی سی پی ایم وینکٹیشوررائو نے بتایا کہ اس بھیانک واقعہ میں ریسٹورٹ (ہوٹل) کے 10 ملازمین شدیدزخمی ہوگئے جنہیں ڈی آرڈی ایل اپولوہاسپٹل میں شریک کرایاگیا ہے ۔ جہاں دوران علاج ایک خاتون زخموں سے جانبرنہ ہوسکی اس کی شناخت 51سالہ شانتا بائی کی حیثیت سے کی گئی ہے جولاتور کی رہنے والی بتائی گئی ہے۔ دیگر 9زخمیوں کاہاسپٹل میں علاج جاری ہے ۔ان زخمیوں میں 38سالہ احمد خان (اڈیشہ)‘25سالہ مونس (جھارکھنڈ) ‘ 23سالہ محمدسیف اللہ خاں (بہار) ‘ 20 سالہ شیخ تسلیم (شاہ میرپیٹ تلنگانہ )‘18 سالہ سیف اور 27سالہ شیخ منیر (اڈیشہ) ‘19سالہ اظہرالدین خان (بہار)‘ 25سالہ شیخ حاجی اللہ(اڈیشہ) اور 31سالہ راجو (مہاراشٹرا)شامل ہیں۔ ان زخمیوںمیں چند کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ مابقی کی حالت مستحکم ہے ۔ پولیس کے بموجب تین شدیدزخمیوںکوگاندھی ہاسپٹل منتقل کردیاگیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی آتش فردعملہ فوری مقام واقعہ پہنچا اورآگ پرقابوپالیا۔ دھماکہ اور آگ کے ساتھ دھویں کے بادل اٹھنے سے گاہکوںمیں افراتفری مچ گئی اور سراسمیگی کے عالم میں ہوٹل سے باہر نکل پڑے ۔اس مقام پر راہ گذرنے والوں کااژدھام دیکھاگیا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اورگریٹرحیدرآبادمیونسپل کارپوریشن کے عہدیدار فوری مقام واقعہ پہونچے اورتفصیلات سے جانکاری حاصل کی ۔ آگ بھڑکنے سے ہوٹل کے گرائونڈاور فرسٹ فلور کوشدید نقصان پہنچا۔ لنچ سے عین قبل ہوٹل میں دھماکہ اورآگ لگنے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔ انسپکٹرپولیس گچی باولی سرینواس نے کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات کاآغاز کردیاہے ۔اطلاعات کے مطابق ہوٹل کے کچن میں یہ دھماکہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق پریشرکوکر ‘کیس سلینڈر کی پائپ پر گرپڑا اور دھماکہ کے ساتھ آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ شانتابائی اس ہوٹل میں گذشتہ ایک ماہ سے جاروپ کش کی حیثیت سے کام کررہی تھی ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ نقصانات کاتخمینہ ابھی نہیں لگایا گیا ۔ آگ لگنے سے فرنیچر دیگر املاک کوشدید نقصان پہنچا ہے ۔

جواب چھوڑیں