شمس آباد طیرانگاہ کو صدفیصد ایل ای ڈی ایر پورٹ بنانے کی مساعی

جی ایم آر حیدرآباد انٹر نیشنل ایر پورٹ ( شمس آباد) لمیٹڈ، صدفیصد ایل ای ڈی ایر پورٹ کے نشانہ کی تکمیل کی سعی کرتے ہوئے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرے گا ۔ ایر پورٹ پر صدفیصد ایل ای ڈی بلبس لگانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ۔ 715 ٹیکسی وے سنٹر لائن کے لائٹس کو برقی بچت اور محفوظ ایل ای ڈی لائٹس سے تبدیل کیا گیا اس سے قبل یہاں ہالوجن لائٹس نصب کئے گئے تھے ۔ ایر پورٹ کے آپریشنس کو متاثر کئے بغیر ایل ای ڈی بلبس کی تنصیب کے پراجکٹ کو مکمل کرلیا جائے گا۔ جس کیلئے ایک ماہ کا وقت لگے گا ۔ جی ایچ آئی اے ایل نے جمعہ کو جاری کردہ اپنے صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی ۔ حیدرآباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے ایر فیلڈ گراؤنڈ لائٹنگ کو58 فیصد ایل ای ڈی سے تبدیل کیا گیا ہے علاوہ ازیں ایر پورٹ کے80 فیصد سے زائد تمام لائٹوں کی جگہ ایل ای ڈی بلبس نصب کئے جاچکے ہیں۔ اس طرح یہ ایر پورٹ صدفیصد ایل ای ڈی ایر پورٹ بن جائے گا۔ 12کیلو کی ایر سائیڈ پر ایل ای ڈی لیمپس نصب کئے جاچکے ہیں۔ جس سے توقع ہے کہ سالانہ ایک لاکھ یونٹ برقی کی بچت ہوگی اور اس سے سالانہ 81000 کیلو گرام کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو روکنے میں مدد ملے گی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جی ایچ آئی اے ایل کے چیف اگزیکٹیو آفیسر ایس جی کے کشور نے یہ بات بتائی ۔

جواب چھوڑیں