کوہلی کو زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت:بی سی سی آئی

ایک مداح کو ہندوستان چھوڑنے کیلئے کہنے والے ٹیم انڈیا کے کپتان ویراٹ کوہلی اپنے اس بیان کی وجہ سے بیک فٹ پر آگئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر مسلسل تنقید کے بعد کوہلی کو اب ٹویٹر پر اپنے اس بیان پر صفائی پیش کرنی پڑئی ہے۔ ویراٹ کوہلی نے اپنے ٹویٹ میں لکھاکہ ’ مجھے لگتاہے کہ ٹرولنگ کرنا میرے لئے نہیں ہے دوستو، میں خود ٹرول ہونے سے ہی مطمئن ہوں، میں نے اس شخص کے بیان میں ’ ان ہندوستانیوں‘ والے لفظ پر جواب دینے کی کوشش کی تھی، میں بھی پسند کی آزادی کے حق میں ہوں، دوستوں تہوار کا لطف لیجئے اور پرامن رہئے۔ سب کو پیار۔ خیال رہے کہ اپنی برتھ ڈے پر ویراٹ کوہلی نے اپنا ایک ایپ لانچ کیاہے جس پر ایک تبصرہ میں انہوں نے کہاکہ جن ہندوستانیوں کو دوسرے ممالک کے کھلاڑی پسند ہیں انہیں ملک چھوڑ دینا چاہئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر نہ صرف وراٹ کوہلی ٹرول ہورہے ہیں بلکہ ان کی حب الوطنی پر بھی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ دوسری جانب ویراٹ کوہلی کے اس بیان پر بی سی سی آئی بھی خوش نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق بی سی سی آئی نے ویراٹ کے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیاہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ یہ بہت غیرذمہ دارانہ بیان ہے، انہیں زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے، انہیں یہ سمجھنا چاہئے کہ وہ ہندوستانی شائقین کی وجہ سے ہی کمائی کررہے ہیں۔

جواب چھوڑیں