گلف میں مقیم تلنگانہ تارکین وطن کے مسائل حل کرنے کاعزم۔دبئی میںاتم کمارریڈی کا تیقن

صدر پردیش کانگریس تلنگانہ این اتم کمار ریڈی نے وعدہ کیاکہ اگر اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی اقتدار پرآئے گی تو این آر آئیز کے لئے 500کروڑ روپیہ کے فنڈسے گلف ہیلپ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جس کے ذریعہ مختلف خلیجی ممالک میں برسر روزگارتلنگانہ کے 10لاکھ ورکرس کو فائدہ پہنچے گا۔ یہ ہیلپ سنٹر‘گلف میں مقیم تلنگانہ کے ورکرس کے علاج ‘انتقال یادیگر مسائل کے حل میں مدد کرے گا ۔اتم کمارریڈی آج اے آئی سی سی انچارج آرسی کنتیا ‘ سکریٹری مدھویاشکی گوڑ‘ٹی جیون ریڈی سابق ایم ایل اے ‘ کنوینر این آرآئی سل ایس وی ریڈی کے ہمراہ دبئی کے القوض میں منعقدہ لیبرکیمپ میں تلنگانہ کے ورکرس سے ملاقات کررہے تھے ۔اس موقع پر اتم کمارریڈی اور دیگر قائدین نے تلنگانہ کے لیبرس سے انہیں درپیش مسائل سے بھی واقفیت حاصل کی اور تلنگانہ حکومت سے ان کی توقعات کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ اتم کمار ریڈی نے انہیں تیقن دیا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار حاصل کرنے کے بعد اندرون 100 یوم گلف این آرآئیز کے لئے ایک جامع پالیسی مدون کی جائے گی اور ان کے لئے گلف ہیلپ سنٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا اور تلنگانہ کے تمام ڈسڑکٹ کلکٹریٹ پر این آرآئیز سل قائم کیا جائے گا۔ جہاں وہ اپنے مسائل کوپیش کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ٹی آرایس حکومت نے اپنے 4سالہ دورحکومت میں گلف ممالک میں مقیم تلنگانہ کے ورکرس کویکسر نظرانداز کردیا۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ 4سال کے دوران مختلف خلیجی ممالک میں مقیم تلنگانہ کے تقریباً 900 ورکرس مختلف پریشانیوں اور خرابی صحت کی وجہ سے فوت ہوچکے ہیںلیکن ٹی آرایس حکومت نے ان کی کوئی مددنہیں کی ۔ انہوں نے کہاکہ پریشان حال ورکرس دبئی میں مقیم انڈین ایمبیسی کے عہدیداروں کواپنے مسائل تک واقف نہیں کرواسکے ۔ کیونکہ یہ ورکرس تلگوکے سوادوسری زبان نہیں جانتے تھے ۔ انہوںنے کہاکہ آئندہ بننے والی کانگریس کی حکومت ‘انڈین ایمبیسی میں تلگوداں عہدیداروں کے تقرر کے لئے اقدامات کرے گی تاکہ ان ورکرس اورانڈین ایمبیسی کے درمیان حائل رکاوٹوں کودورکیاجاسکے ۔ اتم کمار ریڈی نے تیقن دیا کہ تلنگانہ کے جو غیر مقیم ہندوستانی اپنی خرابی صحت کی بناء پرگلف وطن واپس آنا چاہتے ہیں توانہیں 5لاکھ کاانشورنس کروایا جائے گا اگر ان کے فوت ہونے کی صورت میں 5لاکھ روپے ایکس گریشیاء ان کے ارکان خاندان کو د جائے گی اوران کے بچوں کو تعلیم اور ملازمت کی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔ انہوںنے تیقن دیا کہ مرکز میں کانگریس برسر اقتدارآنے پر سعودی اورمتحدہ عرب امارات کے دفاتر قونصل‘ حیدرآباد میں قائم کئے جائیں گے اور لیبرس کوتعمیراتی کام کی تربیت کے لئے NACسنٹر کومستحکم بنایا جائے گا۔ صدر کانگریس نے کہاکہ گلف میں پریشان حال تلنگانہ لیبرس کیلئے گلف ورکرس کارپوریشن کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جولوگ گلف کی جیلوں میں مقیدہیں ان کی رہائی کے لئے قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔ گلف میں برسر روزگارتلنگانہ کے لیبرس کے نام راشن کارڈ میں بھی شامل رہیں گے اور وہ آروگیہ شری اسکیم سے استفادہ کرسکیں گے ۔ کانگریس حکومت خلیجی ممالک سے واپس ہونے والے افراد کی بازآبادکاری کے لئے مالی مددبھی فراہم کرئے گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام 7دسمبرکو اپنے مستقبل کافیصلہ کرنے والے ہیں۔ انہوں نے گلف میں مقیم ورکرس سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں اپنے ارکان خاندان اوردوست احباب کوکانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ دینے کا مشورہ دیں ۔ بعدازاںاتم کمارریڈی نے دبئی میں منعقدہ ’’دیوالی دھوم دھام ‘‘ پروگرام میں شرکت کی ۔ اس دوران قائد اپوزیشن محمدعلی شبیر بھی آج حیدرآباد سے دبئی روانہ ہوئے جہاں انہوں نے کانگریس قائدین کے ہمراہ مختلف پروگراموں میں شرکت کی ۔

جواب چھوڑیں