ہند۔ویسٹ انڈیز کے درمیان آج آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ کل ممبئی میں کھیلا جائے گا۔ 3 میاچس کی سیریز میں میزبان ٹیم انڈیا کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے اور وہ کل بھی جیت کے ذریعہ مہمان ٹیم کا مکمل صفایا کرنا چاہے گی۔ ٹیم مینجمنٹ نے آخری مقابلہ کیلئے 3 اہم کھلاڑیوں کو اومیش یادو‘ جسپریت بمراہ اور بائیں ہاتھ کے اسپنر کلدیپ یادو کو آرام دینے کا فیصلہ کیاہے۔ ہندوستانی ٹیم کو جاریہ ماہ کے اواخر آسٹریلیا کا دورہ کرناہے۔ سلکٹرس ان اہم کھلاڑیوں کو فٹ رکھنے کیلئے یہ فیصلہ لیاہے۔ اس کا مطلب یہ ہوسکتاہے کہ کل آخری مقابلہ میں شہباز ندیم کے علاوہ واشنگٹن سندر کو بھی موقع مل سکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کا مظاہرہ کھیل کے تمام تینوں شعبوں میں شاندار رہاہے خاص طورپر بلے بازی کے شعبہ میں میزبان ٹیم کو حریفوں پر سبقت حاصل ہے۔ گذشتہ مقابلہ میں کپتان روہت شرما نے شاندار سنچری کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیاتھا۔ روہت کے علاوہ نوجوان فاسٹ بولر خلیل احمد نے بھی اپنے بہتر مظاہرہ کو جاری رکھتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ اس کے علاوہ دیگر بولرس نے بھی حریف بلے بازوں کو آزادی سے رن بنانے کا کوئی موقع نہیں دیا۔ بیاٹنگ کے شعبہ میں شکھر دھون ناقص فام کا شکار ہے۔ ایسے میں انہیں آسٹریلیا دورہ سے قبل اپنا فام اور اعتماد بحال کرنے کا کل آخری موقع رہے گا۔ کرناٹک کے بلے باز کے ایل راہول کو بھی قطعی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیاجا سکتاہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس براتھویٹ نے کہاکہ وہ دورہ کا اختتام کامیابی سے کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم انتہائی خراب کھیل پیش کررہے ہیں تاہم انہوں نے کہاکہ کھلاڑی ممبئی میں بہتر کھیل پیش کرنے اور سیریز کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے پرعزم ہیں۔ ویسٹ انڈین ٹیم میں بھی ایک دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ مہمان ٹیم کو اس کے اسٹار آل رائونڈر آندرے رسل کے زخمی ہوکر سیریز سے باہر ہوجانے سے بھی دھکا پہنچاہے۔ ویسٹ انڈیز کو خاص طورپر بیاٹنگ کے شعبہ میں مسائل کا سامناہے۔ آل رائونڈر پولارڈ دونوں مقابلوں میں اپنی شناخت کے مطابق کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے جبکہ ڈیرن براوو کے علاوہ خود کپتان براتھویٹ نے بھی اپنے مداحوں کو مایوس کیا۔ بہرحال کل ہونے والے مقابلہ میں جہاں ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا سیریز سے قبل جیت کے سلسلہ کو برقرار رکھنا چاہے گی وہیں مہمان ٹیم بھی کامیابی کے ساتھ وطن لوٹنے کی کوشش کرے گی۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں