بیاڈمنٹن ورلڈ جونیئرس: لکشیہ سین کوارٹر فائنل میں داخل

ہندوستان کے نوجوان بیڈمنٹن کھلاری لکشیہ سین تائپے کے چین شیائو چینگ کو شکست دے کر بی ڈبلیو ایف جونیئر عالمی چمپئن شپ کے کواٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔ الموڑا کے 17برس کے لکشیہ سین ا س سال جولائی میں ایشین جونیئر چمپئن شپ خطاب جیت چکے ہیں۔ انہوں نے نویں سیڈ چین کو 15-21،21-17،21-14 سے شکست دی۔ چوتھی سیڈ لکشیہ کا سامنا اب آسٹریلیا کے عادل صالح علی سے ہوگا۔ لکشیہ کو پہلے رائونڈ میں بائی ملا تھا۔ اس نے اس کے بعد میکسیکو کے ارماڈو گیٹان اور اٹلی کے جیوواننی ٹوٹی کو راست گیم میں شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے ابھی تک جونیئر عالمی چمپئن شپ میں واحد گولڈ میڈل2008ء میں سائنا نہوال نے جیتا تھا۔ مینس ڈبلس میں وشنو وردھن گوڑااور شری کرشنا سائی کمار پوڈیلے نے انڈونیشیا کے ڈی رفین ریستو اور برنادوس باگاس کے وردانا کو 21-11،21-17 سے شکست دے کر فائنل آٹھ میں جگہ بنائی۔ اب ان کا سامنا کوریا کے تائے یانگ شن اور چان وانگ سے ہوگا۔ ہندوستان کے پریانشو راجاوت، آلاپ مشرا اور کرن جارج مینس سنگلس کے تیسرے رائونڈ میں ہار کر باہر ہوگئے جبکہ مالویکا بنسوڑ اور گائتری گوپی چند خواتین سنگلس میں علی الترتیب پہلے اور دوسرے رائونڈ میں ہارگئیں۔ پوروا بروے کو پہلے رائونڈ میں بائی ملا تھا۔ وہ تیسرے رائونڈ میں ہارگئیں۔

جواب چھوڑیں