بھگوان رام کی بدولت ہندوستان عالمی سوپر پاور بنا‘ یوپی کے وزیر کا دعویٰ

 اترپردیش کے ایک کابینی وزیر نے پیر کے دن کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر ہوجائے تو ٹاؤن کی درخشاں تاریخ بحال ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عام رائے مندر کی تعمیر کے حق میں ہے۔ لکشمی نارائن چودھری نے لکھنو میں پی ٹی آئی سے انٹرویو میں کہا کہ حکومت ہو یا ملک کا کوئی اور ادارہ سبھی کو عوام کے جذبات و احساسات کا احترام کرنا ہوگا۔ ملک میں عام رائے ایودھیا میں مندر کی تعمیر کے حق میں ہے۔ مندر کی تعمیر جلد شروع ہوجانی چاہئے۔ ریاستی وزیر امور مذہبی‘ کلچر‘ بہبود اقلیت‘ مسلم وقف اور حج نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر ہوتے ہی لاکھوں سیاح آئیں گے اور مندروں کے شہر میں سیاحت کو بڑھاوا ملے گا۔ چودھری نے دعویٰ کیا کہ پودی دنیا دیکھ رہی ہے کہ کیا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی شناخت بھگوان رام سے ہے۔ بھگوان رام کی شخصیت کا کسی سے تقابل نہیں کیا جاسکتا۔ بھگوان رام کی بدولت ہی ہندوستان‘ عالمی سوپر پاور بنا۔ یوپی کے وزیر نے دعویٰ کیا کہ مغل دور‘ برٹش دور اور یہاں تک کہ آزادی کے کئی دہے بعد بھی ایودھیا کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ یوگی آدتیہ ناتھ کے چیف منسٹر بننے کے بعد ہی ایودھیا کو سجایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیوالی کے دوران منائے گئے دیپ اتسو کا مقصد دنیا بھر میں یہ پیام دینا تھا کہ لوگ بھگوان رام کی زندگی سے سبق سیکھیں جنہوں نے ہندوستان کو عالمی سوپر پاور بنایا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 100 برس میں ایودھیا کی ترقی کے لئے کوئی کام نہیں ہوا۔ مندروں کے اس شہر کو عملاًاس کے اپنے حال پر چھوڑدیا گیا تھا۔ ایودھیا کے تعلق سے بی جے پی وزرا کے نت نئے بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔

جواب چھوڑیں