روی شنکر‘ ابوظبی کی شیخ زید مسجد کی خوبصورتی سے بے حد متاثر

روحانی رہنما سری سری روی شنکر نے متحدہ عرب امارات کی سب سے بڑی مسجد شیخ زید جامع مسجد کا مشاہدہ کیا جس کے سنگ مرمر کے ستونوں پر گل بوٹے ہندوستانی کاریگروں نے بنائے ہیں۔ سری سری نے جو متحدہ عرب امارات کے 4 روزہ دورہ پر ہیں‘ اتوار کے دن مسجد دیکھی اور اس کی خوبصورتی کی تعریف کی۔ ڈائرکٹر جنرل شیخ زید گرانڈ ماسک سنٹر (ایس زیڈ جی ایم سی) یوسف العبیدی نے آرٹ آف لیونگ(اے او ایل) کے بانی کو مسجد کے ہندوستانی کنکشن کی جانکاری دی۔ ڈائرکٹر نے انہیں بتایا کہ مسجد میں سنگ مرمر کے ستونوں پر جو گل بوٹے ہیں وہ ہندوستان کے ان ماہر کاریگروں نے بنائے ہیں جن کے آباواجداد نے سمجھا جاتا ہے کہ تاج محل میں ایسا ہی کام کیا تھا۔ شیخ زید مسجد ‘ مکہ اور مدینہ کے بعد دنیا کی تیسری بڑی مسجد ہے۔ اسے متحدہ عرب امارات کے بانی اور پہلے صدر شیخ زید بن سلطان النہیان مرحوم سے موسوم کیا گیا ہے۔ اس میں لگ بھگ 40 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔ اس کے لئے تعمیری اشیا اور کاریگر کئی ممالک بشمول ہندوستان سے طلب کئے گئے تھے۔ سری سری نے مسجد کی وزیٹرس بک میں لکھا ’’ویری بیوٹی فل پلیس‘ ویری گڈ وائبریشنس ‘ وِتھ لو اینڈ بلیسنگس‘‘ ۔ ہندوستانی سفیر متعینہ عرب امارات نودیپ سنگھ سوری ‘ تاجر بی آر شیٹی اور جنوبی ہند کے سوپر اسٹار موہن لال نے متحدہ عرب امارات کے وزیر ثقافت نہیان بن مبارک النہیان کے ساتھ ہندوستانی روحانی رہنما کا خیرمقدم کیا۔ روی شنکر کا دورہ امارات فجیرہ کے حکمراں شیخ حماد بن محمد الشرقی کی دعوت پر ہوا ہے۔ وہ پہلی مرتبہ متحدہ عرب امارات کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ سری سری نے فجیرہ میں ہزاروں افراد کے ساتھ میڈیٹین (مراقبہ) کیا تھا۔فجیرہ ‘ متحدہ عرب امارات کی 7 امارات میں ایک ہے۔ یو اے ای کی دیگر امارات میں دُبئی‘ ابوظبی‘ شارجہ‘ راس الخیمہ ‘عجمان اور اُم القوین شامل ہیں۔ انہوں نے شارجہ میں 20 ممالک بشمول پاکستان کے لگ بھگ 5 ہزار ورکرس کو تناؤ سے پاک زندگی بسر کرنے کے گُر سکھائے۔ سری سری نے دُبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں بھی خطاب کیا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاضرین میں متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کی خواتین بھی شامل تھیں۔ سری سری نے کہا کہ وہ خوشحال اور پرامن عرب دنیا کے خواہاں ہیں۔

جواب چھوڑیں