ریاست کی ترقی ‘ کے سی آر کی دوبارہ کامیابی ضروری ۔کے کویتا کی اپیل

رکن پارلیمان نظام آباد کے کویتا نے کہا کہ ریاست کی ہمہ جہت ترقی اور عوامی مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے ٹی آر ایس کو ریاست تلنگانہ میں دوبارہ برسر اقتدار لانا ہوگا ۔ وہ، حلقہ اسمبلی کورٹلہ کے ٹی آر ایس امیدوار کے ودیا ساگر راؤ کی تائید میں ملا پور منڈل میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے عوام سے خطاب کررہی تھیں۔ کے کویتا نے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت نے کئی فلاحی اسکیمات کو نافذ کیا ہے ۔ مشن کاکتیہ، مشن بھگیر تا رعیتو بندھو، رعیتو بیمہ جیسے پروگرام کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ ہماری پارٹی برسر اقتدار آنے کے بعد معمر ین اورمعذورین کے ماہانہ وظائف کی رقم میں دگنا اضافہ کرے گی اور ہر ماہ بے روزگار نوجوانوں کو وظائف جاری کرے گی ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے ریاست کا ہر ایک شخص خوش ہے ۔ فلاحی و ترقیاتی کاموں پر عمل آوری کیلئے ٹی آر ایس کو دوبارہ برسر اقتدار لانا ضروری ہے۔ٹی آر ایس امیدوار کے ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ ان کا آبائی مقام راگھوا پیٹ ، ملا پور منڈل ہے اور وہ آپ کے گاؤں کے ہیں آپ جب چاہیں مجھ سے کام لے سکتے ہیں۔ دوسرے مقامات سے یہاں آکر دھوکے کی باتیں کرنے والوں پر بھروسہ نہ کریں ۔ مہا کوٹمی کچھ نہیں، ریاست کی صحیح ترقی کیلئے ٹی آر ایس پارٹی کو پھر سے خدمت کا موقع دیں ۔ اس موقع پر سرپنچ راجہ ریڈی، ٹی ار ایس پارٹی مقامی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

جواب چھوڑیں