مومن الحق کی سنچری۔ بنگلہ دیش 315/8

مومن الحق کی شاندار سنچری کی مدد سے بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کے خلاف آج سے شروع ہوئے پہلے ٹسٹ میاچ کے افتتاحی دن کا کھیل ختم ہونے تک 8 وکٹس کھوکر 315 رن بنالئے۔ جس وقت آج کا کھیل ختم ہوا نعیم حسن 24 اور تاج الاسلام 32 رن بناکر کھیل رہے تھے۔ نعیم اور تاج الاسلام نے نویں وکٹ کیلئے ابھی تک 56 رنوں کی شراکت داری کرلی ہے۔ قبل ازیں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیاٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس نے صرف ایک رن کے مجموعی اسکور پر اپنی پہلی وکٹ سومیا سرکار کی شکل میں گنوادی جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ تاہم دوسرے اوپنر امرالقیس اور مومن الحق نے دوسری وکٹ کیلئے 104 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف فراہم کیا۔ امرالقیس 44 رن بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ محمد متھن بھی صرف 20 رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مومن الحق اور کپتان شکیب الحسن نے چوتھی وکٹ کیلئے 69 رنوں کی شراکت داری کی۔ مومن الحق نے 167 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 120 رن بنائے جبکہ شکیب الحسن 34 پر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مشفق الرحیم 4 اور محمود اللہ صرف 3 رن پر آئوٹ ہوئے جبکہ مہدی حسن نے 22 رن اسکور کئے۔ بنگلہ دیش نے ایک موقع پر 259 پر 8 وکٹس گنوادیئے تھے تاہم نعیم حسن اور تاج الاسلام نے نویں وکٹ کیلے شاندار شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچایا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے فاسٹ بولر شینن گابریل نے 4‘ جومیل واریکن نے 2 جبکہ کیمار روچ اور دیویندر بشو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب چھوڑیں