نیوزی لینڈ کیخلاف ہارکوچنگ کیریر کی بدترین شکست ہے: آرتھر

پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں 4 رنز سے شکست کو اپنے کوچنگ کیریر کی بدترین شکست قرار دیاہے۔ ابوظبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور 130 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے والی پوری ٹیم مزید 41 رنز کے اضافہ سے 7 وکٹیں گنواکر 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کیریر کا پہلا ٹسٹ میچ کھیلنے والے اعجاز پٹیل نے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کی دوسری اننگز میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 59 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔ پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے شکست کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ میرے کیریر کی بدترین شکستوں میں سے ایک ہے۔ ماضی میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کوچنگ کرنے والے آرتھر نے کہاکہ بحیثیت ہیڈکوچ میرے علاوہ تمام کھلاڑی اور اسٹاف اس شکست پر افسردہ ہیں لیکن ہم اس شکست سے تحریک لینے کی کوشش کریں گے تاکہ دوسرا میچ جیت سکیں۔ نیوزی لینڈ نے ٹسٹ کرکٹ کی پانچویں سب سے کم تر فرق سے فتح کے ساتھ ہی تین میچوں کی سیریز میں بھی 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

جواب چھوڑیں