ہند۔آسٹریلیا کے درمیان آج دوسرا ٹی ٹوئنٹی میاچ

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میاچ کل ملبورن میں کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا کو 3 میاچس کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل ہے جس نے پہلے میاچ میں ہندوستان کو سنسنی خیز انداز میں 4 رن سے شکست دی تھی۔ پہلے میاچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ بارش سے متاثرہ میچ کو 17،17 اوورز تک محدود کیاگیا تھا جس میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے 158 رنز بنائے اور اس کے 4 کھلاڑی آوٹ ہوئے۔ ہندوستانی ٹیم کو ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ کے تحت میچ میں فتح کیلئے 174 رنز کا ہدف ملا لیکن مہمان ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز ہی بناسکی۔ مارکس اسٹاونس نے آخری اوور میں نہ صرف ہندوستانی بیاٹسمینوں کو 13 اسکور کرنے سے روکا بلکہ 2 وکٹیں لیکر میچ کا پانسہ بھی پلٹ دیا۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے اوپنر شکھر دھون نے 76 رنز اسکور کرکے ہدف تک رسائی کی راہ ہموار کی تھی لیکن ان کے آوٹ ہونے کے بعد رنز کی رفتار سست ہوگئی۔ دنیش کارتھک اور رشبھ پنت نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں میزبان بولرز کو بے بس کرتے ہوئے 51 رنز بناکر میچ کو دلچسپ اور سنسنی خیز بنادیا تھا اور ایسا محسوس ہو رہا تھاکہ یہ دونوں ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیں گے لیکن اینڈریو ٹائی نے یہ شراکت توڑ دی اور پنت کو 20 کے انفرادی اسکور پر آوٹ کردیا۔ جیسن بہرنڈورف بہت شاندار کیچ پکڑ تے ہوئے آسٹریلیا کو میچ میں واپس لائے جس کے بعد آخری اوور میں اسٹاونس نے پہلے کرونال پانڈیا اور پھر دنیش کارتھک کو آوٹ کرکے آسٹریلیا کو فتح کے قریب پہنچادیا۔ کلدیپ یادو اور بھونیشور کمار وکٹ پر موجود تھے لیکن وہ باقی 9 رنز پورے نہ کرسکے اور صرف 5 رنز ہی بن سکے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 17 اوورز میں گلین میکسویل کے 46، کرس لین کے 37 اور ماکوس اسٹاونس کے 33 رنز کی بدولت 158 رنز بنائے۔ 17 اوور کی پہلی گیند کے بعد بارش شروع ہوگئی اور دوبارہ کھیل شروع ہونے پر اوور ختم ہونے پر میچ کو بھی 17،17 اوورز تک محدود کرکے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ہند کو فتح کیلئے 174 رنوں کا تبدیل شدہ ہدف دیاگیا تھا۔ آسٹریلوی کپتان آرون فنچ 27 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ ہندوستان کی جانب سے کلدیپ یادو نے 2 جبکہ خلیل احمد اور بھونیشور کمار ایک، ایک وکٹ لے سکے۔ ہدف کے تعاقب میں ہند کی جانب سے شکھر دھون نمایاں رہے تاہم کپتان کوہلی کے علاوہ ٹاپ آرڈر کا کوئی بیاٹسمین اچھی بیٹنگ نہیں کرسکا۔ مڈل آرڈر میں دنیش کارتھک اور رشبھ پنت نے بالترتیب 30 اور 20 رنز کی اننگز کھیلی تاہم ہدف تک رسائی ممکن نہ ہو سکی۔ آسٹریلیا کے ایڈم زامپا کو لوکیش راہول اور ویراٹ کوہلی کی اہم وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔کل کا میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق دوپہر 1:20 بجے سے کھیلا جائے گا۔

جواب چھوڑیں