آسٹریلیا۔انگلینڈ کے درمیان آج خطابی مقابلہ

ویسٹ انڈیز میں جاری ویمنس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا فائنل کل آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں نے کل رات کھیلے گئے سیمی فائنل مقابلوں میں جیت کے ذریعہ خطابی مقابلہ میں رسائی حاصل کی۔ انگلینڈ نے کپتان ہیتھر نائیٹ اور مڈل آرڈر بلے بازوں کی شاندار بیاٹنگ کی مدد سے دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان کو 8 وکٹس سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ انگلش ٹیم کو جیت کیلئے 113 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 17.1 اوورس میں 2 وکٹس کھوکر بنالئے۔ نمبر 3 پر کھیلنے والی وکٹ کیپر جونس اور نتالی سیور نے تیسری وکٹ کیلئے 92 رنوں کی ناقابل شکست شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ جونس 53 اور سیور 52 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔ اوپنر ڈینیل ویاٹ 8 اور بیونمنٹ ایک رن بناکر آئوٹ ہوئیں۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے صرف 112 رن بناکر آل آئوٹ ہوگئیں۔ ٹیم انڈیا ایک موقع پر 89/3 کے ساتھ بہتر موقف میں تھی تاہم اس نے ماباقی 7 وکٹس صرف 23 رنوں کے اضافہ پر گنوادیئے۔ ہندوستان کیلئے اوپنر سمرتی مندھنا نے سب سے زیادہ 34 جبکہ تانیا بھاٹیہ 11‘ روڈریگوس 26 اور کپتان ہرمنپریت کور 16 رن بناکر آئوٹ ہوئیں۔ دیگر کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے کو عبور نہیں کرپائیں۔ انگلینڈ کی جانب سے کپتان ہیتھر نائیٹ نے سب سے زیادہ 3 جبکہ سوفی اور گارڈن نے 2,2 وکٹس حاصل کئے۔ قبل ازیں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے میزبان ویسٹ انڈیز کو 71 رن سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 143 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 71 رن بناکر آئوٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان اسٹیفانی ٹیلر 16 رن کے ذریعہ دوہرے ہندسے کو عبور کرنے والی واحد کھلاڑی ثابت ہوئیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے الیسی پیری‘ ڈیلیسا اور گارڈنر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے اوپنر الیسا ہیلی کے 46 اور کپتان میگ لیننگ کے 31 رنوں کی مدد سے 142 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گارڈنر 14 پر آئوٹ ہوئیں جبکہ رچرڈ ہینس 25 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہیں۔

جواب چھوڑیں