پاکستان ۔نیوزی لینڈ کے درمیان آج سے دوسرا ٹسٹ

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹسٹ میاچ کل سے دبئی میں کھیلا جائے گا ۔ 3 میاچس کی سیریز میں کیویز کو 1-0 کی سبقت حاصل ہے جس نے ابوظبی میں سنسنی خیز انداز میں 4 رن سے جیت حاصل کی تھی۔ اس طرح کل سے شروع ہونے والے مقابلہ میں کین ولیمسن کی نگاہیں سیریز جیتنے پر مرکوز رہیںگی۔ گذشتہ مقابلہ کی کامیابی میں کیریر کا پہلا ٹسٹ کھیلنے والے اعجاز پٹیل کا اہم رول رہا جنہوں نے دوسری اننگز میں 5 وکٹس حاصل کئے تھے۔ دبئی کی وکٹ سے بھی اسپنرس کو مدد ملنے کی توقع ہے۔ اس لئے نیوزی لینڈ کے ہیڈکوچ نے اشارہ دیاہے کہ ان کی ٹیم دبئی میں 3 اسپنرس کے ساتھ اترسکتی ہے۔ ایسے میں اعجاز پٹیل اور اش سودھی کے علاوہ ٹوٹ ایسٹل کو بھی 11 کھلاڑیوں میں شامل کیاجا سکتاہے۔ بیاٹنگ کے شعبہ میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم پر اس مقابلہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے شدید دبائو رہے گا۔ 4 رن کے معمولی فرق سے شکست کھانے کے بعد میزبان ٹیم دبائو کا شکار ہے۔ تاہم کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ وہ گذِشتہ مقابلہ کو بھول کر آنے والے میاچ میں بہتر کھیل پیش کرنے اور جیت کیلئے پرعزم ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کا امکان ہے۔ محمد حفیظ آل رائونڈر کا کردار ادا کریںگے جبکہ فاسٹ بولنگ کے شعبہ میں محمد عباس اور حسن علی رہیں گے۔ کپتان سرفراز احمد مزید نے کہاکہ ہمیں خاص طورپر مڈل آرڈر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جو حالیہ عرصہ میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔ سرفراز احمد نے کہا کہ خود میرا فام بھی بہتر نہیں ہے تاہم انہوں نے کہاکہ وہ دبئی ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ کرنے کی ہرممکن کوشش کریںگے۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق صبح 11:30 بجے سے شروع ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *