ہرجانہ کیس ‘فیصلہ ہندوستانی سیاست کے زیراثرہوا:نجم سیٹھی

سابق چیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پاکستان کی جانب سے دائر کئے جانے والے ہرجانہ کیس میں آئی سی سی کے فیصلے کو سیاست کے زیراثر قرار دیتے ہوئے کہاکہ گورننگ باڈی میں مضبوط ہندوستانی بورڈ کے آگے کوئی بھی کھڑا نہیں ہوسکتاہے۔ واضح رہے کہ تنازعات حل کرنے والی 3 رکنی کمیٹی نے پاکستان کا کیس خارج کردیا تھا۔ نجم سیٹھی نے کہاکہ انہیں قوی امید تھی کہ پاکستان معاہدہ کی پاسداری نہ کرنے والے ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے خلاف اپنا مقدمہ جیت لے گا لیکن بدقسمتی سے ہندوستانی سیاست کے اثرات اس کیس پر غالب آگئے اور گورننگ باڈی نے ایک سیاسی فیصلہ سنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے علیحدگی اختیار کرکے یہ دھمکیاں دیتا رہا تھاکہ اگر اس کے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو وہ اپنی گورننگ باڈی کا قیام عمل میں لانے میں قطعی تامل نہیں کرے گا اور یہ بات بھی پیش نظر رکھی جائے کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کے ایک سابق سربراہ ششانک منوہر نے بھی آئی سی سی کا چیرمین ہونے کے باوجود ہندوستان کے حق میں گواہی دی۔ نجم سیٹھی نے مزید کہاکہ مقدمہ سے قبل انہوں نے مقامی اور انٹرنیشنل ماہرین سے قانونی رائے طلب کی تھی اور انہیں اس بات پر ذرا بھی شک نہیں کہ ان کا کیس قانون کے اعتبار سے خاصا مضبوط تھا لیکن ہندوستان کی جانب سے دباؤ کو نظر انداز نہیں کیاجا سکتا کیونکہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے اس فیصلے کی قطعی کوئی امید نہیں تھی۔ نجم سیٹھی نے مزید کہاکہ انہیں امید ہے کہ کچھ وقت کے بعد معاملات آگے بڑھ جانے پر گورننگ باڈی کا موقف لازمی سامنے آئے گا۔

جواب چھوڑیں