ایودھیا میں وشوا ہندو پریشد کی دھرم سبھا۔ادھو ٹھاکرے کی بھی آمد۔مندروں کے شہر میں زبردست سیکوریٹی انتظامات

وشوا ہندو پریشد(وی ایچ پی) کی دھرم سبھا سے ایک دن قبل ایودھیا عملاً قلعہ میں تبدیل ہوگیا ہے ۔ کئی گھیروں کی سیکوریٹی کے علاوہ امکانی شرپسندوں پر نظر رکھنے ڈرونس استعمال کئے جارہے ہیں۔ یوپی پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ایک ایڈیشنل ڈی جی پی‘ ایک ڈپٹی انسپکٹر جنرل ‘ 3 ایس ایس پیز‘ 10 ایڈیشنل ایس پیز‘ 21 ڈپٹی ایس پیز‘ 160 انسپکٹرس‘ 700 کانسٹیبل‘ پی اے سی کی 42کمپنیاں‘ آر اے ایف کی 5کمپنیاں اور اے ٹی ایس کمانڈوز تعینات کئے گئے ہیں۔ ربط پیدا کرنے پر ایودھیا کے میئر رشی کیش اُپادھیائے نے پی ٹی آئی سے کہا کہ پولیس اور ضلع انتظامیہ نے بھرپور سیکوریٹی انتظامات کئے ہیں۔ ایودھیا ٹاؤن‘ یوپی کے دارالحکومت لکھنو سے 120کیلو میٹر دور ہے۔ میئر نے بتایا کہ 13 پارکنگ لاٹ بنائے گئے ہیں۔ حکومت نے شیوسینا کو ریالی کی اجازت نہیں دی ہے۔ ہلکی سردی کے باوجود مندروں کے شہر میں دھرم سبھا کی سیاسی گرمی بڑھ گئی ہے ۔ وشوا ہندو پریشد کا قیام کرشن جنم اشٹمی کے موقع پر 29 اگست 1964 کو عمل میں آیا تھا۔ اس کے مقاصد میں ہندو سماج کو منظم اور مستحکم کرنا اور ہندو دھرم کی خدمت اور تحفظ شامل ہیں۔ دھرم سبھا کے منتظمین کو امید ہے کہ اتوار کے دن 3 لاکھ سے زائد رام بھکت‘ ایودھیا آئیں گے۔ 18 نومبر کو وی ایچ پی نے لکھنو کے مختلف حصوں میں موٹرسیکل ریالی نکالی تھی۔ یو این آئی کے بموجب سخت سیکوریٹی اقدامات کے درمیان ایودھیا ضلع حکام نے متنازعہ مقام کے قریب نقل و حرکت محدود کردی ہے۔ سرکاری ذرائع نے ہفتہ کے دن بتایا کہ نظم وضبط کی برقراری کے لئے متنازعہ مقام کے قریب نقل و حرکت محدود کردی گئی ہے۔ صرف مجاز افراد کو ہی وہاں جانے کی اجازت ہے ۔مقامی لوگوں سے کہہ دیا گیا ہے کہ وہ آئی ڈی پروف ساتھ رکھیں تاکہ کوئی مسئلہ نہ ہو۔ دفعہ 144 نافذ کرنے کے باوجود ریاست اور ملک کے مختلف حصوں سے لوگ ایودھیا پہنچ رہے ہیں۔ اسی دوران صدر شیوسینا ادھو ٹھاکرے ہفتہ کی دوپہر اپنی فیملی کے ساتھ 2 روزہ دورہ پر ایودھیا پہنچ گئے۔ سینا سربراہ کے ساتھ ان کی بیوی رشمی اور لڑکا آدتیہ ٹھاکرے آئے ہیں۔ شیوسینا سربراہ نے ایودھیا پہنچتے ہی نریندر مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ رام مندر کی تعمیر کی تاریخ بتائے۔ انہوں نے کہا کہ دن ‘ مہینے ‘ سال اور نسلیں بیت گئیں ۔ انہوں نے طنز کیا کہ مندر وہیں بنائیں گے پر ڈیٹ نہیں بتائیں گے۔ انہوں نے آئندہ سال کے لوک سبھا الیکشن سے قبل بی جے پی کو ایک طرح سے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ بتائیں کہ مندر کب تعمیر کریں گے‘ باقی باتیں بعد میں ہوں گی۔ ادھو ٹھاکرے نے اپنے 2 روزہ دورہ ایودھیا کو غیرسیاسی بتایا ہے۔ شیوسینا کیڈر بھی ایودھیا پہنچ چکا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ پارٹی نے مہاراشٹرا سے 3 ہزار شیوسینک ایودھیا بھیجے ہیں۔ شیوسینکوں نے دریائے سریو میں ڈبکی لگائی اور بعدازاں انہوں نے ہنومان گڑھی میں پوجا کی۔ بتایا جاتا ہے کہ شیوسینا سربراہ اپنے ساتھ پونے کے شیونیری قلعہ کی مٹی ایک برتن میں بھر کر لائے ہیں۔ یہ مٹی رام جنم بھومی کے پجاری کو دی جائے گی۔ ادھو ٹھاکرے کا یہ پہلا دورہ ایودھیا ہے۔ ان کی پارٹی کے قائدین بشمول رکن پارلیمنٹ سنجے راوت گذشتہ چند دن سے ایودھیا میں مقیم ہیں۔ وہ اپنے پارٹی صدر کے دورہ کی تیاری کررہے تھے۔ اتوار کی صبح ادھو ٹھاکرے ‘بھگوان رام کے درشن کریں گے۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کریں گے۔ ایودھیا میں کل کافی ہلچل ہوگی۔ ایودھیا کو 16 سیکٹرس میں بانٹا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس(نظم وضبط) آنند کمار نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے رہنمایانہ خطوط کا لحاظ رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ کل کی تقاریب پرامن رہیں۔ مندروں کے شہر میں ہجوم کو باقاعدہ بنانے کے لئے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو سپریم کورٹ کی ہدایتیں ماننی ہوں گی۔

جواب چھوڑیں