سائنا نہوال اور سمیر ورما سیمی فائنل میں داخل

سمیر ورما اور سائنا نہوال سید مودی انٹرنیشنل ورلڈ ٹور سوپر 300 بیاڈمنٹن ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں داخل ہوگئے تاہم پی کشیپ شکست کے سبب ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ سمیر ورما نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں چین کے ژہو زیخی کے خلاف 3 سیٹس والے مقابلہ میں 21-18, 16-21, 21-11 سے جیت حاصل کی۔ پہلے سیٹ میں کامیابی کے بعد سمیر کو دوسرے سیٹ میں شکست ہوگئی تاہم ہندوستانی اسٹار نے تیسرے اور فیصلہ کن سیٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے نہ صرف سیٹ اپنے نام کرلیا بلکہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل کرلی۔ ویمنس سنگلز کے ایک مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک سائنا نہوال نے سابق قومی چمپئن ریتوپرنا کو راست سیٹوں میں 21-19, 21-14 سے شکست دیکر آخری 4 میں رسائی حاصل کرلی۔ سائنا کا سیمی فائنل میں انڈونیشیاء کی روسیلی ہرتوان سے مقابلہ ہوگا۔ اسی دوران پی کشیپ کو تھالی لینڈ کے تھماسیم کے خلاف 16-21, 19-21 سے شکست ہوگئی۔ ایک اور مقابلہ میں سائی پرانیت کو چھٹے سیڈ چین کے لو گوانگژو کے خلاف 21-10, 19-21, 21-14 سے شکست ہوگئی۔ ویمنس ڈبلز مقابلہ میں اشونی پونپا اور این سکی ریڈی پر مشتمل جوڑی نے تانیہ اور وانیا پر مشتمل جوڑی کو 19-21, 21-8, 21-18 سے شکست دے دی۔

جواب چھوڑیں