سعودی عرب کے مختلف شہروں میں شدید بارش

موسلا دھار بارش کے باعث جمعہ کو حرم شریف کی تاریخ میں فجر کی نماز مختصر ترین ادا کی گئی۔ صبح 5بجکر 17منٹ پر مسجد الحرام میں اذان ہوئی فوراً ہی تکبیر کے بعد امام حرم شیخ سعود الشریم نے سورۃ فیل اور سورۃ اخلاص پڑھ کر 5بجکر26منٹ پر فجر کی نماز کا سلام پھیر دیا۔ اس موقع پر بجلی چمکتی دکھائی دی۔مکہ مکرمہ،ریاض، مدینہ منورہ ، جدہ ، قصیم سمیت سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں جمعرات او رجمعہ کی درمیانی شب تیز ہواؤں اور شدید گرج چمک کے ساتھ زبردست بارش ہوئی۔ القصیم کے شہر عنیزہ اور مکہ مکرمہ ریجن کے شہر اللیث میں سیلاب آگیا۔ بارش کا پانی گھرو ںمیں داخل ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج ہفتے کو بھی سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔ اکثر مقامات پر موسلا دھار اور دیگرمقامات پر اوسط بارش کے امکانات ہیں۔تفصیلات کے مطابق اللیث میں زبردست سیلاب نے شہری دفا ع اور ہلال احمر کے اہلکاروں کی ذمہ داریاں بڑھا دیں۔ 11افراد اللیث کے سیلاب میں پھنس گئے تھے۔ شہری دفاع کے عہدیداروںنے انہیں ہنگامی کارروائی کرکے محفوظ جگہوں پر منتقل کیا۔ 2غیر ملکی وادی اللیث میں محصور ہوگئے تھے انہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکالا گیا۔ اللیث میں سیلاب سے راستے ٹوٹ پھوٹ گئے۔ درخت گر گئے۔ بجلی کے تار زمین پر آگئے۔ دوسری جانب عنیزہ میں سیلاب کا پانی گھرو ںمیں داخل ہوگیا۔ شہری دفاع کے اہلکاروں نے 27خاندانوں کو اسپیشل کارروائی کرکے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ عنیزہ کے ایک گھر پر آسمانی بجلی گرنے سے نہ صرف یہ کہ گھر تباہ ہوگیا آس پاس کے لوگ بھی خوفزدہ ہوگئے۔

جواب چھوڑیں