ہند۔آسٹریلیا کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میاچ کل سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ 3 میاچس کی سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو اس وقت 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا دوسرا میاچ بارش کی نذر ہوگیاتھا۔ اس طرح کل ہونے والے مقابلہ میں جہاں آرون فنچ کی ٹیم جیت کے ذریعہ سیریز پر قبضہ کرنا چاہے گی وہیں ویراٹ کوہلی کی نگاہیں کامیابی کے ذریعہ سیریز 1-1 سے مساوی کرنا چاہے گی۔ گذشتہ مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم کو کامیابی کا بہترین موقع تھا کیونکہ اس نے میزبان ٹیم کو 19 اوورس میں 132 رنوں تک ہی محدود رکھاتھا تاہم شدید بارش کے سبب میاچ پورا نہیں ہوسکا جس کی وجہ سے کوہلی امیدوں پر پانی پھرگیا۔ آسٹریلیا اس اہم مقابلہ کیلئے اپنے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر مشل اسٹارک کو اسکواڈ میں طلب کیاہے۔ میزبان ٹیم کو بھی بلے بازی کے شعبہ میں مسائل کا سامناہے خاص طورپر کپتان آرون فنچ‘ ڈی آرسی شارٹ اور کریس لین ابھی تک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔ ایسے میں کل ان تینوں کھلاڑیوں کو بہتر کھیل پیش کرنا ہوگا۔ اسٹارک کی آمد سے آسٹریلیا کا بولنگ اٹیک مضبوط ہوا ہے جس میں پہلے سے ایڈم زمپا‘ جیسن بہرنڈروف‘ ناتھن کوالٹر۔نائیل اور اینڈریو ٹائی جیسے بولرس شامل ہیں۔ دوسری جانب ہندوستانی ٹیم کو بھی اپنی بعض خامیوں پر قابو پانا ہوگا۔ پہلے مقابلہ میں سوائے شکھر دھون کے کوئی بھی بلے باز بہتر کھیل پیش کرنے میں ناکام ثابت ہوا تھا۔ کپتان کوہلی صرف 4 رن پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے تھے۔ ایسے میں کل کوہلی پر سب سے زیادہ دبائو رہے گا۔ مڈل آرڈر میں دنیش کارتک‘ ریشبھ پنت‘ کرونال پانڈیا اور کے ایل راہول کو بھی اپنی ذمہ داری نبھانی پڑے گی۔ بولنگ کے شعبہ میں خاص طورپر فاسٹ بولرس خلیل احمد‘ بھونیشور کمار اور جسپریت بمراہ بہترین مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ اسپن کے شعبہ میں کرونال پانڈیا اور کلدیپ یادو بھی حریف بلے بازوں کو رن بنانے سے روکنے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں۔ بہرحال کل دونوں ٹیمیں کامیابی کے ساتھ سیریز کا اختتام کرنا چاہیںگی۔ میاچ ہندوستانی معیاری وقت کے مطابق دوپہر 1:20 بجے سے کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *