سدھو‘ پاکستان میں بھی الیکشن جیت سکتے ہیں : عمران خان

پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو ‘ پاکستان میں بھی الیکشن جیت سکتے ہیں۔ انہوں نے حیرت ظاہر کی کہ سابق ہندوستانی کرکٹرنے اپنے پچھلے دورہ میں جب امن اور بھائی چارہ پر زور دیا تو ہندوستان میں ہنگامہ کیوں برپا ہوا۔ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے گلے لگنے پر سدھو ہندوستان میں نشانہ تنقید بنے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے پتہ نہیں یہ تنقید کیوں ہوئی۔ کسی کے لئے یہ بھی سوچنا احمقانہ بات ہوگی کہ دو نیوکلیر ممالک کے درمیان جنگ ہوگی کیونکہ ایسی جنگ میں کوئی فاتح نہیں رہتا۔ جب ہوگی ہی نہیں تو دوستی کے سوا اور کونسا راستہ رہ جاتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام امن چاہتے ہیں اور قیادت کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ بھی یہی چاہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہند۔ پاک امن کے لئے سدھو کے وزیراعظم بننے تک انتظار نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں سدھو کے چاہنے والوں کی کثیر تعداد ہے۔ اگر وہ یہاں الیکشن لڑیں تو بھی جیت جائیں گے۔

جواب چھوڑیں