چرنجیوی، جونیر این ٹی آر، ثانیہ مرزا اور دیگر ووٹ ڈالنے والوں میں شامل

 سوپر اسٹار چرنجیوی، ناگرجنا اور جونیر این ٹی آر اور ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اُن سیلبیرٹیز میں شامل ہیں جنہوں نے جمعہ کو اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں رائے دہی میں حصہ لیا ہے ۔ماضی کے ممتاز تلگوفلم اداکار کرشنا اور ان کی اہلیہ وجیہ نرملا، ممتاز ڈائرکٹر راج مولی اور ایکٹرس وینکٹیش، جگپتی بابو، ناگا بابو، سریکانت، الوروارجن، نتن اور ورون تیجا نے یہاں جوبلی ہلز میں متعلقہ پولنگ بوتھس پر حق رائے دہی سے استفادہ کیا ۔ ووٹ ڈالنے کے بعد یہ مشہور شخصیات باہر آئیں اور انہوں نے میڈیا کے کیمروں کے سامنے پوز دیا اور سیاہی زدہ انگلی دکھانے کے بعد ان سیلبیرٹیز نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹ ضرور ڈالیں ۔ اداکار سے سیاست داں بننے والے چرنجیوی اپنی شریک حیات کے سریکھا کے ساتھ پولنگ بوتھ پر عام رائے دہندوں کے ساتھ قطار میں کھڑے رہے ۔ بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چرنجیوی نے کہا کہ حق رائے دہی سے استفادہ کرنا ہر ایک کی ڈیوٹی ہے ۔ وہ، گذشتہ چار برسوں کے دوران فلموں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں ۔اس مرتبہ چرنجیوی حالیہ انتخابی مہم سے دور رہے ہیں۔ ممتاز ادا کار ناگرجنا نے اپنی اہلیہ املا اکینینی کے ساتھ متعلقہ بوتھ پہنچ کر ووٹ کے حق سے استفادہ کیا اور کہا کہ آج آپ کا دن ہے عوام کو چاہئے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور اپنے بوتھ پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کریں۔ ثانیہ مرزا جو کچھ دن قبل ماں بنی ہیں، نے جوبلی ہلز میں اپنے والدین کے ساتھ ووٹ کے حق کا استعمال کیا ۔ شٹلرپی وی سندھو اور بیاڈ منٹن کوچ پی گوپی چند نے بھی ووٹ ڈالا۔

جواب چھوڑیں