اب جو بہتر کھیل پیش نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا: انضمام الحق

پاکستانی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہاکہ نیوزی لینڈ سے شکست کا ذمہ دار صرف کپتان نہیں بلکہ تمام کھلاڑٰی ہیں جبکہ سب کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا ورنہ اب جو پرفارم نہیں کرے گا وہ گھر جائے گا۔ انضمام نے کہاکہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تینوں ٹسٹ جیت سکتے تھے لیکن اپنی غلطیوں سے ہارے، صرف اکیلا کپتان اس ناکامی کا قصوروار نہیں، سب بہت برا کھیلے، سب کو اپنی اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا کہ کس کا ٹیم میں کیا رول ہے۔ بصورت دیگر پھر تبدیلیاں ہوں، سیریز میں 3 بار بیٹنگ ناکام ہوئی، چوتھی اننگز میں ہم پریشر ہینڈل نہیں کرپارہے۔ انضمام الحق نے کہاکہ عمران خان کہا کرتے تھے کہ جس ٹیم کے ٹیل اینڈرز اسکور نہیں کرتے اس کی کامیابی کے امکانات بھی بہت کم ہوتے ہیں، ہمیں بھی اس خامی کو دور کرنے پر توجہ دینی ہوگی، ہماری بیٹنگ لائن میں اسٹرائیک کا بھی مسئلہ ہے، امام الحق کے سوال پر چیف سلیکٹر نے کہاکہ امام کو میرے ساتھ جڑا جاتا ہے اس لیے تنقید زیادہ ہوتی ہے، یہ درست ہے کہ اس نے اس سیریز میں زیادہ رنز نہیں کئے لیکن پورے سال میں اس کی کارکردگی بہت عمدہ رہی، وہ باصلاحیت بلے باز ہے، اس لئے اس کو فارم میں آنے کا مزید موقع دے رہے ہیں۔ اگر وہ اس سیریز میں رن نہیں کرے گا تو وہ بھی باہر ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو نیوزی لینڈ کیخلاف ٹسٹ سیریز میں2-1 سے شکست ہوئی۔

جواب چھوڑیں