بلند شہر کے ایس ایس پی اور 2 عہدیداروں کا تبادلہ

حکومت اترپردیش نے ہفتہ کے دن بلند شہر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس(ایس ایس پی) کرشنا بہادر سنگھ کا تبادلہ کردیا اور انہیں ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر لکھنو میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی۔ ریاستی حکومت نے پربھاکر چودھری کو بلند شہر کا نیا کپتان بنایا ہے۔ بلند شہر واقعہ کے سلسلہ میں مزید 2 پولیس عہدیداروں کا بھی تبادلہ ہوا ہے۔ سرکل آفیسر (سی او) ستیہ پرکاش شرما اور چنگراوٹی پولیس چوکی انچارج سریش کمار کا تبادلہ کردیا گیا کیونکہ وہ پیر کے دن رونما صورتحال سے نمٹنے بروقت کارروائی میں ناکام رہے۔ تبادلوں کا فیصلہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس ایس بی شیرڈکر کی رپورٹ پر ہوا۔ محکمہ داخلہ کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ان عہدیداروں نے تیزی سے کارروائی نہیں کی۔ نئی دہلی سے لکھنو واپسی پر چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ کو رپورٹ دی گئی۔ یوگی‘ بلند شہر واقعہ کو حادثہ کہہ چکے ہیں۔ انہوں نے قبل ازیں اسے بڑی سازش کا نتیجہ قراردیا تھا لیکن جمعہ کے دن انہوں نے نئی دہلی میں کہہ دیا کہ یہ واقعہ اصل میں ایک حاثہ تھا۔ یوپی میں ہجوم کے تشدد کا کوئی واقعہ نہیں ہوا‘ بلند شہر میں جو ہوا وہ حادثہ تھا۔ پولیس 9 ملزمین کو گرفتار کرچکی ہے لیکن اصل سازشی یوگیش راج (ضلع کنوینر بجرنگ دل ) ہنوز فرار ہے۔

جواب چھوڑیں