رابرٹ وڈرا کے خلاف دھاوؤں پر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ عہدیداروں کو کانگریس کا انتباہ

کانگریس صدر راہول گاندھی کے بہنوئی رابرٹ وڈرا کے خلاف انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی) عہدیداروں کے متعدد دھاوؤں کے چند گھنٹے بعد ملک کی سب سے قدیم جماعت نے ہفتہ کے دن مودی حکومت پر سخت تنقید کی اور اس کے عہدیداروں کو خبردار کیا کہ سیاسی موسم بدلے گا اور یوم ِ حساب آئے گا۔ اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس میںپارٹی ترجمان ابھیشیک منوسنگھوی نے اپنے ساتھی پون کھیڑا کے ساتھ میڈیا سے خطاب میں کہا کہ سرکاری محکموں (سی بی آئی‘ ای ڈی اور آئی ٹی) کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنا چاہئے کہ موسم بدلتے ہیں۔ ایک موسم 11 دسمبر کو بدلے گا اور دوسرا آئندہ سال۔ موسم بدلتے رہتے ہیںاور یہ تبدیلی الیکشن سیزن میں بھی آتی رہتی ہے۔ ایسا ہی ایک سیزن 11 دسمبر کو بدلے گا اور دوسرا سیزن آئندہ سال بدلے گا۔ آپ کو سوچنا چاہئے کہ آپ لوگ کب تک اپنے سیاسی آقاؤں سے اندھی ہدایتیں لیتے رہیں گے اور آنکھ بند کرکے اس پر عمل کرتے رہیں گے۔ آپ لوگوں کو سوچنا چاہئے کہ یوم حساب ہوگا اور جواب دہی کا ایک دن آئے گا۔ سنگھوی نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ان محکموں کو جو سابق میں لائق احترام ہوا کرتے تھے‘ غلام اور بندھوا مزدور بناڈالا۔ افسوس کی بات ہے کہ 5 ریاستوں میں اپنی انتخابی ہار کا نوشت دیوار پڑھ چکی حکومت اور برسراقتدار جماعت ایسی حرکتوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا کرپشن مخالف نقاب پھٹتا جارہا ہے۔ گذشتہ 54ماہ میں کئی اسکام منظرعام پر آچکے ہیں۔ مودی حکومت نے اپنی بڑی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے دوسروں پر کیچڑ اچھالنا اور سی بی آئی اور ای ڈی جیسے محکموں کے ذریعہ اپوزیشن قائدین کو نشانہ بنانے کا واحد حربہ اختیار کررکھا ہے۔ سنگھوی نے کہا کہ وڈرا اور ان کے ساتھیوں کے خلاف غیرقانونی دھاوے ایسی ہی سازشوں اور اندھے انتقام کا تسلسل ہے۔ کانگریس کو نشانہ بنانے کے لئے جھوٹ پر جھوٹ بولے جارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام دستوری‘ قانونی اور انتظامی قواعد و ضوابط کو کچرے کی کنڈی میں پھینک کر فردِ واحد کو حقیر سیاسی وجوہات پر نشانہ بنایا جارہا ہے۔ گذشتہ 54 ماہ میں مودی حکومت نے اپنا سیاسی حساب برابر کرنے وڈرا کے خلاف مجرمانہ سازش کی۔ تمام حربے ناکام ہونے پر مودی حکومت نے اپنی ایجنسیوں ای ڈی ‘ سی بی آئی اور انکم ٹیکس کو وڈرا کے پیچھے لگادیا۔ پون کھیڑا نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ عام طورپر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کا ڈائرکٹر ایڈیشنل سکریٹری رینک کا عہدیدار ہوتا ہے۔ ای ڈی کا نیا ڈائرکٹر جو گجرات کیڈر کا ہے‘ 2 سال قبل اپنے تقرر کے وقت ایڈیشنل سکریٹری رینک کا نہیں تھا۔ تقرر کے دن وہ نہ تو ایڈیشنل سکریٹری تھا اور نہ سکریٹری۔ اسے باری سے ہٹ کر ترقی دی گئی اور ڈائرکٹر ای ڈی بنادیا گیا تاکہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کے ناپاک ایجنڈہ کی تکیل کرے۔ سنگھوی کی تائید کرتے ہوئے پون کھیڑا نے بھی کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیوں کے عہدیداروں کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ مودی کی ایما پر غیرقانونی کارروائی نہیں کرسکتے۔ ایک نہ ایک دن وہ جواب دہ ہوں گے۔

جواب چھوڑیں