ریاست میں منگل کو ووٹوں کی گنتی ۔شہر کے15 مراکز پر رائے شماری کے انتظامات مکمل

تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے بعد اب ووٹوں کی گنتی کے لئے عہدیداروں کی جانب سے بڑے پیمانہ پر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جمعہ کے روز ریاستی اسمبلی کے 119حلقوں کیلئے ایک ہی مرحلہ میں رائے دہی ہوئی تھی ۔رائے دہی کے بعد ای وی ایمس کو سخت سیکوریٹی میں رکھا گیا ہے ۔ ریاست میں ووٹوں کی گنتی 11دسمبر کو ہوگی ۔کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن و ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد دانا کشور نے بتایا کہ ووٹوں کی گنتی کے لئے حیدرآباد میں وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد میں 15مراکز میں ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ہر گنتی کے مرکز پر 14 ٹیبل ہوں گے ۔ریٹرننگ افسر کا علحدہ ٹیبل ہوگا۔ہر ٹیبل کے قریب کاونٹنگ سوپروائزر ، اسسٹنٹ سوپروائزر، مائیکرو آبزرور بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کر نے والے اہل کاروں کیلئے پہلے مرحلہ کی تربیت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔دوسرے دور کی تربیت 10دسمبر کو دی جائے گی اور 11 دسمبر کوووٹوں کی گنتی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کاونٹنگ ایجنٹس کے لئے علحدہ کارڈس جاری کئے جائیں گے ۔موبائیل فون اور کسی بھی قسم کے کاغذات کاونٹنگ ہال میں لے جانے کی اجازت نہیں رہے گی۔ابتدا میں پوسٹل بیالٹس کی گنتی کی جائے گی ۔کاونٹنگ ایجنٹس کی موجودگی میں وی وی پیاٹس کی مہر نکالی جائے گی ۔

جواب چھوڑیں