سرجیکل حملے‘ راہول گاندھی نے جنرل ہوڈا کے بیان کی تائید کی

 کانگریس صدر راہول گاندھی نے جنرل ہوڈا کی تعریف کی جنہوں نے کہا ہے کہ سرجیکل حملوں کو سیاسی رنگ دیا گیا۔ راہول نے ہفتہ کے دن کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی کو ہندوستانی فوج کو نجی اثاثہ کے طورپر استعمال کرنے میں کوئی شرم نہیں آئی۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کانگریس صدر نے کہا کہ سچے فوجی کی طرح جنرل آپ نے بات کی ہے۔ ہندوستان کو آپ پر فخر ہے۔ مسٹر 36 کو ہماری فوج کو نجی اثاثہ کے طورپر استعمال کرنے میں کوئی عار نہیں۔ مودی نے سرجیکل حملوں کو سیاسی فائدہ کے لئے اور رافیل معاملت کو انیل امبانی کی دولت 30 ہزار کروڑ بڑھانے کے لئے استعمال کیا۔ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے جو ستمبر 2016 میں سرجیکل حملوں کے وقت ناردرن آرمی کمانڈر تھے‘ جمعہ کے دن کہا تھا کہ ان حملوں کو بڑھاچڑھاکر پیش کیا گیا ۔ سرجیکل حملے سرحد کے اُس پار دہشت گردوں کے لانچ پیاڈس پر ہوئے تھے۔ چندی گڑھ میں ملٹری لٹریچر فیسٹیول میں رول آف کراس بارڈر آپریشن اینڈ سرجیکل اسٹرائیکس کے موضوع پر مباحثہ میں جنرل ہوڈا نے کہا تھا کہ بڑھاکر چڑھاکر کسی چیز کو پیش کرنے سے میرے خیال میں ہرگز مدد نہیں ملتی۔ اگر آپ فوجی کارروائی پر راج نیتی کرنے لگیں تو یہ ٹھیک نہیں۔ دونوں طرف سے راج نیتی ہوئی ہے۔ فوجی کارروائی پر جب سیاست ہوتی ہے تو یہ اچھا نہیں ہوتا۔ کتنی راج نیتی ہوئی ہے آیا یہ صحیح ہے یا غلط سیاستدانوںسے پوچھنا چاہئے۔

جواب چھوڑیں