عوام ، ٹی آر ایس کو دوبارہ خط اعتماد دیں گے : کے ٹی آر

کارگذار وزیر و ٹی آر ایس قائد کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹی آر ایس کا تلنگانہ میں مسلسل دوسری بار حکومت بنانا طئے ہے ۔ آج یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساڑھے چار سالوں کے دوران ٹی آر ایس حکومت کی بے مثال کارکردگی کو عوام نے قبول کرتے ہوئے پارٹی کو مزید پانچ برس تک خط اعتماد دیا ہے اور مختلف ٹیلی ویژن چیانلس کی جانب سے جاری کردہ اگزٹ پولس نتائج عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے ۔ انہوںنے پارٹی رفقاء کو 11 دسمبر کے روز پارٹی کی کامیابی کا جشن منانے کیلئے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کے عوام کے شکر گذار ہیں جنہوںنے ٹی آر ایس کا ساتھ دیتے ہوئے مخالف تلنگانہ مہا کوٹمی کے گمراہ کن پروپگنڈہ کو مسترد کردیا کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ پارٹی سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے لیکر پارٹی کا معمولی ورکر تک اسمبلی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کے متعلق پر اُمید ہے ۔ انہوںنے ریاست میں انتخابات کے پرامن انعقاد پر الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ملازمین ، محکمہ پولیس کے ملازمین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اسمبلی انتخابات میں چیف منسٹر کے عہدہ کے خواہشمند امیدواروں کو مایوسی ہوگی اور کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس کو ایک سو سے زیادہ حلقوں پر کامیابی حاصل ہوگی ۔ انہوںنے کہا کہ کانگریس کی جانب سے جھوٹ پر مبنی کروڑہا روپے پر مشتمل اشتہارات جاری کئے جانے کے بعد بھی عوام نے ٹی آر ایس پر اعتماد برقرار رکھا اور تلنگانہ کی سیاست میں چندرا بابو نائیڈو نائیڈو کی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے عوام نے پھر ایک بار ثابت کیا کہ عزت نفس اور وقار کی برقراری اولین ترجیح ہے جو صرف ٹی آر ایس کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔

جواب چھوڑیں