پاکستانی کھلاڑی عماد بٹ پر سے ایک میاچ کی پابندی ختم

 انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستانی ہاکی ٹیم انتظامیہ کی اپیل پر عماد کے خلاف ایک میچ کی پابندی کا فیصلہ واپس لیکر انہیں میچ میں شرکت کی اجازت دے دی ہے۔ ورلڈکپ میں پاکستانی ہاکی ٹیم کو کل اپنا اہم میچ ہالینڈ کے خلاف کھیلناہے، جس میں نائب کپتان عماد شکیل بٹ بھی شرکت کرسکیں گے۔ ورلڈکپ ہاکی میں عماد بٹ پر ملائیشیا کے کھلاڑی کو زخمی کرنے کی کوشش پر پابندی لگائی گئی تھی۔ دوسری جانب کپتان رضوان سینئر ان فٹ ہونے کی وجہ سے اس میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ ان کی جگہ متبادل ٹیم میں شامل ہونے والے ارسلان قادر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستانی ٹیم کیلئے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے، کامیابی کی صورت میں ٹیم آئندہ مرحلے میں رسائی پانے کے امکانات بڑھ جائیں گے، بصورت دیگر کم سے کم فرق سے ہار کے بعد ہی آگے جانے کا کوئی موقع ہوسکتاہے۔ قبل ازیں ٹیم کے منیجر اور چیف کوچ حسن سردار نے نائب کپتان عماد بٹ کے خلاف فیصلے کو متعصب قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے جج نے انصاف کے بجائے تعصب سے کام لیا۔

جواب چھوڑیں