پجارا‘راہول کی شاندار بیاٹنگ۔ہندوستان 151/3

ہندوستان نے گیز گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے بعد متوازن بلے بازی کے باعث آسٹریلیا کے خلاف پہلے کرکٹ ٹسٹ کے تیسرے دن آج اپنی دوسری اننگز میں دن کے اختتام تک 3 وکٹس کھوکر 151 رن بنالئے۔ اس طرح اسے مجموعی طورپر میزبان ٹیم کے خلاف 166 رن کی برتری حاصل ہوگئی۔ آج تیسرے دن کا کھیل بارش سے متاثر رہا۔ جس وقت آج کا کھیل ختم ہوا چیتیشور پجارا 127 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 40 جبکہ اجنکیا رہانے ایک رن بناکر کھیل رہے تھے۔ ٹیم انڈیا نے دوسری اننگز میں شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کیلئے 63 رن بنائے ۔ مرلی وجئے 18 جبکہ کے ایل راہول 44 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ کپتان ویراٹ کوہلی اور پجارا نے تیسری وکٹ کیلئے 71 رنوں کی شراکت داری کی۔ کوہلی 3 چوکوں کے ساتھ 34 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے فاسٹ بولرس مشل اسٹارک‘ جوش ہیزلووڈ اور آف اسپنر ناتھن لیون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے اپنے کل کے اسکور 191/7 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور 44 رنوں کے اضافہ پر اپنے 3 وکٹس گنوادیئے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ٹراویس ہیڈ نے ذمہ دارانہ بیاٹنگ کرتے ہوئے 167 گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 72 رن اسکور کئے ۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان ٹم پین 5‘ پیاٹ کیومنس 10‘ مشل اسٹارک 15 اور ہیزلووڈ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے جبکہ ناتھن لیون 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رن بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے جسپریت بمراہ اور روی چندرن اشون نے 3,3 جبکہ ایشانت شرما اور محمد سمیع نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مختصر اسکور۔ ہندوستان پہلی اننگز 250 آل آئوٹ ۔ آسٹریلیا پہلی اننگز 235 آل آئوٹ۔ ہندوستان دوسری اننگز 151/3۔

جواب چھوڑیں