کارَین باؤر‘ انجیلامر کل کی جانشین

جرمن چانسلر انجیلامیرکل کی سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے ارکان نے اپنی جماعت کا نیا سربراہ بھی ایک خاتون کو منتخب کیا ہے۔ اب یہ ذمہ داری آنیگریٹ کرامپ کارَین باؤر سنبھالیں گی۔ شمالی جرمن شہر ہیمبرگ میں ہونے والے کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے پارٹی اجلاس میں آنیگریٹ کرامپ کارَین باؤر کو 999 میں سے 517 ووٹ ملے۔ اس عہدے کے لیے ان کے حریف فریڈرش میرس تھے، جنہیں 482 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی۔ اس انتخاب کے پہلے مرحلے میں ڑینس شپاہن اس دوڑ سے الگ ہو گئے تھے۔نتیجہ سامنے آنے کے بعد کارَین باؤر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے دونوں حریف امیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہتری کا عمل اسی طرح سے جاری رہنا چاہیے، تا کہ مشترکہ ہدف حاصل کیا جا سکے۔ آج رائے شماری سے قبل کارَین باؤر نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ لوگ انہیں چھوٹی میرکل سمجھتے ہیں، ’’ میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ میں اپنی ایک الگ شناخت رکھتی ہوں۔‘‘56 سالہ آنیگریٹ کرامپ کارَین باؤر اس سے قبل 2011ء سے 2018ء تک ریاست زار لینڈ کی وزیر اعلی بھی رہی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہمرکل خود بھی یہی چاہتی تھیں کہ کارَین باؤر ہی ان کی جگہ یہ منصب سنبھالیں۔ پارٹی سربراہ کا یہ انتخاب اس لیے بھی اہم تھا کہ 1971ء کے بعد پہلی مرتبہ ایسے الیکشن ہوئے ہیں، جس میں کئی امیداور ایک دوسرے کے مد مقابل تھے۔

جواب چھوڑیں