حکومت سازی میں ہمار ا کلیدی رول رہے گا:ڈاکٹر کے لکشمن

تلنگانہ بی جے پی کے صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی تشکیل میں ہم کلیدی رول ادا کریں گے۔ ریاست میں جمعہ کو منعقدہ اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل کو کی جائے گی۔ لکشمن نے کہا کہ ہم کسی بھی جماعت کی تائید نہیں کررہے ہیں۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا بی جے پی، ٹی آر ایس کی تائید کرے گی، تو انہوں نے کہا کہ ہم کسی پارٹی کی تائید و حمایت کرنے نہیں جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ نشستوں پر کامیابی درج کرائیںگے۔ انتخابات کے نتائج کے بعد حکومت سازی میں ہمارا کلیدی رول رہے گا۔ ایک موقر انگلش اخبار نے لکشمن کے حوالے سے کل یہ خبر شائع کی تھی کہ صدر ریاستی بی جے پی نے کہا کہ تھا کہ معلق اسمبلی وجود میں آتی ہے تو وہ ایسی صورت میں کانگریس اور مجلس کے سوا ٹی آر ایس کی تائید و حمایت کریں گے۔ دریں اثناء بی جے پی کے ترجمان اعلیٰ کے کرشنا ساگر رائو نے کہا کہ ہم نے کامیابی اور حکومت بنانے کے لئے ہی انتخابات لڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معلق اسمبلی کی صورت میں بی جے پی، کسی دوسری جماعت کی تائید نہیں کرے گی۔ ٹی آر ایس کی تائید سے متعلق لکشمن کے بیان کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کرشنا ساگر رائو نے کہا کہ وہ اس بیان پر یقین نہیں رکھتے کیونکہ ہماری پارٹی کے ایک ذمہ دار قائد وصدر ریاستی یونٹ ایسا بیان نہیں دے سکتے۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ جب اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان نہیں ہوا ہے تو ہم کیوں کہیں گے کہ ہماری پارٹی، دوسری جماعت کی تائید کرے گے۔ دریں اثنا ٹی آر ایس کے ترجمان بھانو پرساد نے کہا کہ ٹی آر ایس کو کسی دوسری جماعت کی تائید کی ضرورت نہیں رہے گی کے سی آر ، دوسری بار ریاست کے چیف منسٹر کی حیثیت سے حلف لینے والے ہیں۔ ریاست میں ٹی آر ایس ہی دو بارہ حکومت تشکیل دے گی ۔ ہمیں کسی سے مفاہمت و تائید کی قطعی ضرورت نہیں ہے ۔ ہم اپنے بل بوتے پر حکومت بنائیں گے ۔ ہمیں قوی امید ہے کہ ٹی آر ایس کو حکومت سازی کیلئے مطلوبہ اکثریت ملے گی ۔ بھانو پرساد نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔

جواب چھوڑیں