سیکوریٹی کے نئے چیلنجس سے نمٹنے تیار رہیں : اہیر

مرکزی مملکتی وزیرداخلہ ہنس راج اہیر نے اتوار کو سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی آفیسرس پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور بغاوت وسرکشی کے درپیش نئے چیلنجس سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ وہ، نیشنل انڈسٹریل سیکوریٹی اکیڈیمی (این آئی ایس اے ) کی رنگا رنگ تقریب سے جو یہاں سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورسس ( سی آئی ایس ایف ) میں منعقد ہوئی ، خطاب کررہے تھے ۔ اہیر نے کہا کہ ملک کی بدلتی سیکوریٹی صورتحال اور منظر سے سی آئی ایس ایف کے جوانوں اور عہدیداروں کو بھی اپنی مہارتوں اور خود کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہے ۔ سی آئی ایس ایف کے جوانوں کو خصوصیت کے ساتھ وی آئی پیز، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، سرکاری عمارتوں اور ایر پورٹس کی سیکوریٹی پر اپنے رول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے عہدیداروں اور زیر تربیت جوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو مضبوط ، مستحکم اور محفوظ بنائے رکھنے میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ اکیڈیمی کے ڈائرکٹر انجنا سنہا نے اپنی خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ جملہ24اسسٹنٹ کمانڈنٹ؍ اگزیکٹیوز اور 733 سب انسپکٹرس؍ اگزیکٹیوز نے ابتدائی تربیت مکمل کی ہے ۔ اکیڈیمی کی جانب سے فراہم کردہ ٹریننگ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ زیر تربیت آفیسرس نے سنجیدگی اور دلجمعی کے ساتھ تربیت حاصل کی ہے اور انہیں قوی امید ہے کہ یہ سخت ٹریننگ ان آفیسروں کو ان کے پیشہ وارانہ کیرئیر میں مدد گار ثابت ہوگی ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ‘ پنس راج اہیر نے انڈور اور آوٹ ڈور مقابلوں میں سرفہرست مقام حاصل کرنے والے ٹرینیز میں ایوارڈ ز تقسیم کئے ۔

جواب چھوڑیں