نیشنل واٹر پالیسی مدون کرنے کی ضرورت: نرسمہن

آندھراپردیش اور تلنگانہ کے گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ملک کے کسانوں کو آبپاشی کیلئے پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے نیشنل واٹر پالیسی مدون کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نرسمہن نے اتوار کو پروفیسر جئے شنکر تلنگانہ اسٹیٹ اگریکلچر یونیورسٹی کے دوسرے کانوکیشن سے جو یہاں یونیورستی آڈیٹوریم راجندر نگر میں منعقد ہوا، صدارتی خطاب میں زرعی یونیورسٹی کے طلبہ کو ہدایت دی کہ وہ سماج کو غذا، ہیلتھ اور اکنامک اور ماحولیاتی طمانیت کے لئے خود کو وقف کردیں۔ انہوں نے کسانوں میں نامیاتی کاشتکاری سے متعلق شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آرگانک فارمنگ سے صحت بخش غذا فراہم ہوتی ہے اس سے کینسر جیسے مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ کسانوں کو مائیکرو اریگیشن کے فوائد، طبی پودوں کی افزائش، جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ سے ہونے والے صحت کے مسائل، کراپ کالونیوں اور دیگر فائدہ مند طریقہ کار سے واقفیت حاصل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے کسانوں کو آبپاشی کے لئے پانی کی ضروریات کی تکمیل کے لئے قومی سطح پر پانی پالیسی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنر نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروین کمار کی ستائش کی جو یونیورسٹی میں نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کو بہتر طور پر روبعمل لارہے ہیں۔ صدرنشین ٹرسٹ ایڈوانسمنٹ اگریکلچر سائنس ڈاکٹر آر ایس پروڈا نے اسٹاک ہولڈرس کی شراکت داری سے نیشنل اگریکلچر ریسرچ سسٹم کو مستحکم بنانے پر زور دیا اور کہا کہ دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو اگریکلچر انٹر پرنیر شپ کی جانب راغب کرنا چاہئے۔ انہوں نے ڈگری ہولڈرس کو مشورہ دیا کہ اپنے اندر چیالنجس کو قبول کرنے کا جذبہ پیدا کریں اور مواقع کی فراہمی کے لئے سخت محنت کریں۔ ایک بہتر شہری کی حیثیت سے سماج کے لئے کام کریں۔ انہوں نے وائس چانسلر ڈاکٹر پروین کمار کی ستائش کی جن کی کاوشوں کی بدولت زرعی یونیورسٹی کو ملک کی دوسری بہترین یونیورسٹی کا موقف حاصل ہوا ہے۔ قبل ازیں وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر پروین کمار نے خیر مقدمی تقریر کی اور تعلیمی سال 2016-17 ء کے دوران حاصل مقاصد پر روشنی ڈالی۔ یونیورسٹی کے اس دوسرے کانوکیشن میں انڈر گریجویٹ؍ پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطح کے تقریباً 746 طلبہ میں اسناد تقسیم کئے گئے۔ کانوکیشن میں رجسٹرار ڈاکٹر ایس سدھیر کمار، ڈین، ڈائرکٹر، بورڈ آف مینجمنٹ کمیٹی کے ارکان اور دیگر شریک تھے۔

جواب چھوڑیں