آسٹریلیا نے پہلے ونڈے میں ہندوستان کو34رن سے ہرادیا

نائب کپتان روہت شرما کی طوفانی سنچری بھی ہندوستان کو آسٹریلیا کے خلاف پہلے ونڈے میں جیت نہیں دلا سکی اور مہمان ٹیم34رن سے شکست سے دوچار ہوئی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 50اوورس میں پانچ وکٹ پر 288رن بنائے تھے جس کے جواب میں ہندوستانی ٹیم مقررہ اوورس میں 9 وکٹ کھوکر254رن ہی بناسکی۔ ا س شکست کے ساتھ ہی ہندوستان تین میچوں کی سیریز میں1-0سے پیچھے ہوگئی ہے۔ ہندوستانی اننگز میں صرف دو ہی بلے بازوں نے اپنی بہتر کارکردگی پیش کی اور سلامی بلے باز روہت نے133رن اور مڈل آرڈر بلے باز وکٹ کیپر مہیندر سنگھ دھونی نے51رن بنائے۔شکھر دھون اور رائیڈو صفر پر آّؤٹ ہوئے جبکہ9میں سے6بلے باز محض دہائی کے ہندسہ تک بھی نہیں پہنچ پائے ۔آسٹریلیا کے لئے محض اپنا پانچواں ونڈے کھیل رہے اوسط تیز گیند باز جائے۔ رچرڈسن نے10اوورس میں خطرناک اور کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے26رن دے کر سب سے زیادہ چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انہوںنے کپتان ویراٹ کوہلی،رائیڈو،دنیش کارتک اور رویندر جڈیجہ کے وکٹ لئے اور مین آف دی میچ رہے ۔نئے کھلاڑی جیسن بہرے ناڈراف اورمارکس اسٹوئنس نے 2-2اورپیٹر سیڈل نے ایک وکٹ لیا ۔ آسٹریلیا نے اپنی بہترین گیند بازی سے پہلے قابل اطمینان بلے بازی بھی کی جس کے لئے عثمان خواجہ نے59رن،شان مارش نے54رن اور پیٹر ہینڈس کومب نے73رنوں پرمشتمل اننگز کھیلی۔ہندوستانی ٹیم پہلے ونڈے میں لے سے بھٹکی نظر آئی اور ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے اس کی ابتدا خراب رہی۔ ٹیم میں لوٹے اسٹار بلے باز دھون پہلے ہی گیند پر بہرین ڈراف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان ویراٹ نے بھی مایوس کیا اور آٹھ گیندوں میں تین رن ہی بنائے ۔ وہ نئے گیند باز رچرڈسن کی گیند پر اسٹونس کے ہاتھوں کیچ ہوئے اور ہندوستان کے چار رن پر دو اہم وکٹ گنوا دیئے ۔ہندوستان کو تیسرا جھٹکا چوتھے اوور میں چار رن کے اسکور پر ہی لگ گیا جب رچرڈسن نے رائڈو کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ اس کے بعد روہت اور وکٹ کیپر دھونی نے مورچہ سنبھالا اور چوتھے وکٹ کے لئے137رن کی اہم شراکت داری کی۔ہندوستانی ٹیم پٹری پر لوٹتی نظر آرہی تھی کہ بہرے ناڈراف نے دھونی کو ایل بی ڈبلیو کرکے ہندوستان کو زبردست جواب دے دیا۔ دھونی نے اپنی68ویں نصف سنچری بنائی اور اس اننگز کے دوران انہوں نے ہندوستان کی جانب سے10ہزار ونڈے رن بھی پورے کرلئے۔دھونی نے51رن میں تین چوکے اور ایک چھکا لگایا۔کارتک‘12جڈیجہ8رن ہی بناسکے۔روہت کے رہتے ہندوستان کو جیت کی امید بنی ہوئی تھی لیکن ان کے46ویں اوور میں221کے اسکور پر آؤٹ ہوتے ہی ہندوستانی امیدیں ٹوٹ گئیں۔روہت کا وکٹ اسٹونس نے لیا۔روہت کی یہ22ویں ونڈے سنچری تھی۔بھونیشور نے23گیندوں میں ناٹ آؤٹ29رن بنائے اور ہندوستان جیت سے کافی دور رہ گیا۔آسٹریلیا کیلئے اسٹونس نے بھی ناٹ آؤٹ47رن کا تعاون دیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسراونڈے منگل کو ایڈیلیڈمیں کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *