یوپی میں کانگریس، ’’ پوری صلاحیت‘‘ سے انتخابات لڑے گی: راہول گاندھی

لوک سبھا انتخابات( 2019) کیلئے یوپی میں ‘کانگریس کے بغیرایس پی اور بی ایس پی کے درمیان اتحاد ہونے کے اعلان کے چند ہی گھنٹوں بعد آج صدر کانگریس راہول گاندھی نے کہا ہے کہ اُن کی پارٹی ‘ یوپی میں ’’ مکمل صلاحیت واستعداد‘‘ کے ساتھ انتخابی مقابلہ کرے گی۔ دبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ وہ ‘ مذکورہ دونوں پارٹیوں کے قائدین کا ’’ زبردست احترام کرتے ہیں اور اُن قائدین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جو چاہے قدم اُٹھائیں ۔ بی ایس پی اور ایس پی نے ایک سیاسی فیصلہ کیا ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ یوپی میں کانگریس پارٹی کو کس طرح مستحکم کریں اور ہم اپنی پوری صلاحیت واستعداد سے یہ انتخابی مقابلہ کریں گے‘‘۔ اسی دوران دبئی سے اطلاع کے بموجب کانگریس صدر راہول گاندھی نے ہفتہ کے دن یہاں کہا کہ ہندوستان میں گذشتہ ساڑھے چار سال میں بڑی عدم رواداری اور غصہ دیکھا گیا جس کے لئے برسراقتدار افراد کی ذہنیت ذمہ دار ہے۔ کانگریس صدر ‘ آئی ایم ٹی دُبئی یونیورسٹی کے طلبا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رواداری ہمارے کلچر میں ہے۔ گذشتہ ساڑھے چار سال میں جو ہوا وہ افسوسناک ہے۔ قیادت اگر روادار ہو تو وہ رواداری سے کام کرے گی اور رواداری کا پیام عام کرے گی۔ ہندوستان عام طورپر روادار ملک ہے۔ ایک اور اطلاع کے مطابق سینئر کانگریسی رہنماء پی چدمبرم نے آج کہا ہے کہ اُن کی پارٹی‘ لوک سبھا انتخابات‘ تنہا لڑنے تیار ہے لیکن اُمید ہے کہ اُترپردیش کیلئے ایس پی۔ بی ایس پی اتحاد پر غور مکرر ہوگا۔

جواب چھوڑیں