نئی نسل کو فتنہ ارتداد سے محفوظ رکھنا وقت کا تقاضہ : مولانا اسجد قاسمی

مولانا ڈاکٹر محمد اسجد قاسمی ندوی ناظم و شیخ الحدیث جامعہ عربیہ امدادیہ مراد آباد نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ نئی نسل کو ارتداد کے فتنے سے محفوظ رکھنے پر توجہ دیں اور ہم کو یہود ونصاریٰ ، مشرکین اور سب سے زیادہ ہماری صفوں میں چھپے منافقین کی سازشوں سے چوکنا رہنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں عصری نظام تعلیم کو فروغ دے رہے ہیں ان کا مقصد مسلمانوں کو مذہب اسلام سے دور کرنا ہے۔ وہ اذان انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز کے چوتھے جلسہ تکمیل حفظ قرآن کریم کے پروگرام سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت پروفیسر سید راشد نسیم ندوی ناظم المعہد الاسلامی حیدرآباد و ڈین اذان انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز نے کی مولانا اسجد قاسمی نے کہا کہ قرآن کی خدمت اللہ کے پاس سب سے مقبول خدمت ہے انہوںنے کہا کہ یہودو نصاریٰ، مشرکین اور منافقین کی ہمیشہ یہ سازش رہی ہے کہ وہ ساری دنیا میں جہاں جہاں مسلمان آباد ہیں ان کے ایمان اور عقیدے کو کمزور کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ اس وقت ارتدار کا طوفان آیا ہوا ہے ۔ ہر دور میں اسلام کے مشن کو کمزور کرنے کیلئے4طاقتیں یہود ، نصاریٰ ، مشرکین اور منافقین سرگرم عمل رہی ہیں۔ سب سے زیادہ نقصان ہم کو اپنی صفوں میں چھپے ہوئے آستین کے سانپوں سے ہوا ہے۔ انہوںنے کہا کہ عصری نظام کے نام پر مشرقی اقدار اور روایت کو پامال کردیا گیا ہے۔ عصری تعلیم کے باعث نئی نسل بے راہ روی کا شکار ہورہی ہے ۔ ان حالات میں اذان انٹر نیشنل اسکول میں عصری تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کا نظم کرنا قابل رشک بات ہے ۔ مولانا جمال الرحمن نے کہا کہ ایمان سے بڑی کوئی دولت نہیں ہے ۔ اللہ اور اس کے رسول حضرت محمد مصطفی صلعم سے محبت ہو تو سب کچھ مل گیا۔ انہوںنے توحید کا دامن نہ چھوڑنے کی تلقین کی۔ ڈاکٹر عمر گوتم نے ک ہا کہ وہ جب کالج میں زیر تعلیم تھے تب اس وقت تک انہیں نہ تو اسلام سے متعلق معلومات تھیں اور نہ ہی انہوں نے قرآن مجید کو دیکھا تھا مگر جب اللہ نے انہیں ہدایت دی اور انہوںنے جب قرآن مجید کی تلاوت شروع کی تو وہ مشرف بہ اسلام ہوگئے ۔ اور وہ وشوا پرتاپ سنگھ سے محمد عمر گوتم بن گئے ۔ انہوںنے جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ایم اے اسلامک اسٹیڈیز میں کامیابی حاصل کی اور وہ دہلی میں دعوت سنٹر قائم کرچکے ہیں ۔ مولانا سید صادق محی الدین فہیم نے تمام حفاظ اور ان کے والدین کو مبارکباددی ۔ پروفیسر سید راشد ندوی نے اپنے صدارتی خطاب میں تعلیم کے ساتھ تربیت کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا عبید الرحمن اطہر نے حفاظ کو حفظ کی تکمیل کروائی صدرنشین اذان انٹر نیشنل اسکول ڈاکٹر محمد یوسف اعظم نے خیر مقدم کیا اور اذان انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹیڈیز کے اغراض ومقاصد اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں شرکاء کو واقف کروایا ۔اس موقع پر مولانا ارشد القاسمی صدرشعبہ حفظ‘ مولانا سعد قاسمی ، مولانا معز الدین قاسمی ، ڈاکٹر فخر الدین محمد، سید آصف پاشاہ سابق وزیر قانون ، ڈاکٹر افتخار الدین ، ساجد علی ، ساجد پیرزادہ ، سید مجیب احمد کے علاوہ دیگر موجود تھے۔

جواب چھوڑیں