راہول گاندھی ‘ملک کے آئندہ وزیراعظم:اتم کمارریڈی

صدرپردیش تلنگانہ کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی نے کہا ہے کہ صدر اے آئی سی سی راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ راہول گاندھی میں ملک کی قیادت سنبھالنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔ اتم کمار ریڈی آج عثمانیہ یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں این ایس یو آئی کے زیر اہتمام ’’بہتر بھارت پروگرام‘‘ کے افتتاح کے بعدخطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بہتر بھارت‘‘ راہول گاندھی کا نظریہ ہے۔ جس کا مقصد سماج کے تمام طبقات کو ملک کی تعمیر و ترقی میں شامل کرنا ہے۔ چنانچہ اس نظریہ کو فروغ دینے کے لئے راہول گاندھی نے ’’بہتر بھارت‘‘ کا نظریہ دیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اس پروگرام کو شروع کرنے پر این ایس آئی کارکنوں کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مکمل تعاون کرے گی۔ صدر ٹی پی سی سی نے این ایس یو آئی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی جس کا ٹی آر ایس نے وعدہ کیا ہے اسکیم کی عمل آوری کے لئے جدوجہد کریں۔ سکریٹری اے آئی سی سی سلیم احمد نے کہا کہ ’’بہتر بھارت‘‘ کا نظریہ راہول گاندھی کا خواب ہے اور اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے نئی نسل میں تعلیم کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال کے نوجوانوں کو حق رائے دہی کا نظریہ آنجہانی راجیو گاندھی نے دیا تھا جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے ان میں قائدانہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔ آج یہ نظریہ کامیاب رہا اور نوجوان سیاسی میدان میں آرہے ہیں۔ صدر این ایس یو آئی بالا مودی وینکٹ نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ این ایس یو آئی کارکن راہول گاندھی کے ’’بہتر بھارت ‘‘ نظریہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت یونیورسٹیز میں طلباء کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے جدوجہد کی جائے گی۔ انہوں نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اسمارٹ فون میں ’’بہتر بھارت‘‘ پروگرام کو رجسٹر کروائیں اور اپنے مسائل آن لائین پر ارسال کریں ۔ ہم ان مسائل کو حل کرنے کے بارے میں آن لائین جواب دیں گے۔ اجلاس میں ین ایس یو آئی کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

جواب چھوڑیں