بیالٹ پیپر کے دور میں واپس نہیں ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنرکا بیان

الکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایمس) کے استعمال نہ کرنے کے باربار مطالبات کے دوران چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے آج زوردے کرکہا کہ الیکشن کمیشن دوبارہ بیالٹ پیپرس کا استعمال رائج نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ محرکات پر مبنی لفظی جنگ کے سبب الکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو فٹبال کے طور پر استعمال کیاجارہا ہے۔ میں ایک بار پھر یہ بات بے حد واضح کردیناچاہتا ہوں کہ ہم بیالٹ پیپر کے دور میں واپس نہیں ہوں گے۔ اروڑہ ‘ قومی یوم رائے دہندگان سے قبل یہاں ایک جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک کو اس دور میں واپس نہیں لے جائے گا جہاں غنڈے بیالٹ پیپر اٹھالے جاتے تھے۔ انہوں نے مشینوں کی پُرزور مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہرقسم کی تنقید کا سامنا اور جوابی ردعمل کے لئے تیارہیں لیکن ہم کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے اور ای وی ایمس کا استعمال جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ چند دن قبل ایک خودساختہ سائبر ماہر نے دعویٰ کیاتھا کہ مشینوں کو ہیک کیاجاسکتا ہے۔ ان کے دعوؤں کے بعد کئی جماعتوں نے آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بیالٹ پیپرس استعمال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جواب چھوڑیں