راتوں میں بے مقصد گھروں سے باہر نکلنے والوں کی اب خیرنہیں:انجنی کمار

نیویارک پولیس کے طرز پر سائوتھ زون پولیس کے چاق وچوبندجوان ‘اب راتوں میں گشت کرتے ہوئے سڑکوں پر آوارہ گردی کرنے والوں اور گھروں سے بے مقصد باہر نکلنے والوں کے خلاف کاروائی کررہیں ہے ۔ اس انوکھے طریقہ کارکو ’’ اسٹاپ کوسچن اینڈ سرچ ‘‘ کانام دیاگیاہے ۔ یہ طریقہ کار نیویارک پولیس کا ہے جس کو سائوتھ زون پولیس نے اتوار سے اپنایا ہے ۔ اتوار کی شب پولیس نے پرانے شہر کے کئی مقامات پر تقریباً 200تا300 افراد کو روکا اوران کی گاڑیوںاورسامان کی تلاشی لی اوران سے گھر سے باہرنکلنے کی وجوہات طلب کئیں۔ پرانے شہر کے ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ پولیس نے ان افراد کوروک کران کاگاڑیوںاور سامان کی تلاشی لی جورات دیرگئے سڑکوں پر گھومتے ہوئے پائے گئے ۔ اس کاروائی کے آغازکامقصد غیر سماجی عناصر کے منصوبوں کو ناکام بناناہے ۔ غیر سماجی عناصر‘مہلک ہتھیاروں کے ساتھ راتوں میں گھومنے والے افراد کی نقل وحرکت پر قریبی نظررکھنابھی ہے ۔ سابق میں معمولی باتوں پر پیش آئے قتل اقدام قتل کے واقعات کومدنظررکھتے ہوئے ’’ اسٹاپ کوسچن اینڈسرچ‘‘ پروگرام شروع کیاگیا۔ راتوں میں ہر چارگھنٹہ کے وقفہ سے اس پروگرام پرعمل کیاجائے گا۔ مقامی پولیس اسٹیشن کے ایس آئی ‘اے ایس آئی اور جوانوں کے ذریعہ ہی یہ پروگرام انجام دیا جائے گا۔ پولیس جوان روک کر گاڑیوں کی تلاشی لیں گے ۔ تلاشی کایہ عمل صرف دومنٹ میں ختم ہوگا۔ گاڑی پرسوار اورکارنشین افراد سے کہاں سے آرہے ہیںکہاں جارہے ہیں ‘کام کی نوعیت کیاہے جیسے سوالات کئے جائیں گے ۔ان سوالات کے جوابات پرمطمئن ہونے کے بعد ان افراد کو آگے جانے دیا جائے گا ۔ سٹی پولیس کمشنر انجنی کمار نے کہاکہ یہ پروگرام دونوں میں شروع کیا جائے گا جس کا مقصد راتوں میں آوارہ گردی کوروکنا اورجرائم کا تدارک کرناہے ۔ انجنی کمارنے کہاکہ پولیس فنکشن ہالوں میں مہلک ہتھیاروں کے ساتھ رقص کرنے والوں کے خلاف سختی کے ساتھ نمٹے گی ۔ انہوںنے کہاکہ اس پروگرام کے آغاز کامقصدحیدرآباد کوجرائم سے پاک شہر بناناہے۔

جواب چھوڑیں