ساری قوم جان چکی ہے چوکیدار چور ہے:راہول

وزیراعظم نریندرمودی پر طنز کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج کہا کہ وہ اپنے 56 انچ کے سینہ کی بات کیا کرتے ہیں لیکن ان کے دعوئوں میں کھوکھلا پن اب سب کے سامنے آگیا ہے۔ لکھنو میں روڈ شو کے بعد، جہاں پر وہ اپنی بہن پرینکاگاندھی وڈرا کے سرگرم سیاست میں قدم رکھنے کے بعد ان کے پہلے عوامی پروگرام کے موقع پر ان کے ساتھ تھے، کانگریس کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ مودی کا انداز بھی اب بدل گیا ہے اور سارا ملک ان کے کھوکھلے پن کو جان چکا ہے۔ راہول گاندھی نے رافیل معاملت کے سلسلہ میں وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے مبینہ متوازی بات چیت کے بارے میں ذرائع ابلاغ کی تازہ ترین اطلاعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’جب نریندرمودی آئے، انہوں نے کہا تھا کہ ان کا 56 انچ کا سینہ ہے وہ چوکیدار بننا چاہتے ہیں اور ملک کے وزیراعظم بننے کی آرزو رکھتے ہیں مگر اب ایک کے بعد دیگرے سچائی سامنے آگئی ہے‘‘۔ راہول گاندھی نے ملٹی بلین ڈالر کی رافیل معاملت میں کرپشن اور سرمایہ داروں کا ساتھ دینے کے اپنے الزامات کو دہراتے ہوئے کہا ’’کھوکھلا پن جو ان کے اندر تھا اب ساری قوم کے سامنے باہر آگیا ہے۔ ساری قوم اور اس کے نوجوان اور کسان اب یہ جان چکے ہیں کہ چوکیدار چور ہے۔

جواب چھوڑیں