پارٹی ٹکٹ کیلئے گاندھی بھون میں درخواست گذاروں کا ہجوم

پارلیمنٹ انتخابات میں کانگریس ٹکٹ کے حصول کیلئے دوسرے دن بھی گاندھی بھون میں درخواست گذاروں کا زبردست ہجوم دیکھا گیا ہے۔ شہر اور اضلاع سے ٹکٹ کے دعویدار اپنے حامیوں کے ہمراہ نائب صدر ٹی پی سی سی کمار رائو سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی درخواستیں ان کے حوالے کر رہے ہیں۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے ریاست کی 17پارلیمانی نشستوں کیلئے کانگریس ٹکٹ کے خواہشمندوں سے 10فروری سے درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ گذشتہ دو روز کے دوران 50سے زائد درخواستیں وصول ہوچکی ہیں۔ صدر گریٹرحیدرآباد کانگریس کمیٹی ایم انجن کمار یادو نے حلقہ سکندرآباد سے مقابلہ کیلئے درخواست داخل کی ہے۔ انجن کمار یادو نے 2004اور 2009میں پارلیمانی حلقہ سکندرآباد سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم 2014میں انہیں بی جے پی امیدوار بنڈارودتاتریہ کے ہاتھوں شکست اٹھانی پڑی تھی۔ سینئر کانگریس قائد وکسان کانگریس کے نائب صدر ایم کودنڈا ریڈی نے پارلیمانی حلقہ نلگنڈہ سے ٹکٹ کیلئے درخواست داخل کی ہے۔ کودنڈا ریڈی سابق میں حلقہ مشیر آباد کے رکن اسمبلی اور سٹی کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی حلقہ نظام آباد سے سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ اور مہیش کمار گوڑ نائب صدر ٹی پی سی سی ٹکٹ کے دعویدار ہیں تاہم انہوں نے ابھی درخواست نہیں دی ہے۔ پارلیمانی حلقہ حیدرآباد سے ٹکٹ کے پانچ دعویداروں نے درخواست داخل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کسی بڑے قائد نے حیدرآباد حلقہ سے ٹکٹ کیلئے ہنوز درخواست داخل نہیں کی ہے۔ کل 12فروری‘ درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ انتخابی کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لینے اور تنقیح کے بعد ایک حلقہ سے 5دعویداروں کا انتخاب کرکے ان کے نام کانگریس ہائی کمان کو روانہ کردئیے جائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *