پاکستان پہلے اور ہندوستانی ٹیم دوسرے مقام پر فائز

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی عالمی رینکنگ جاری کردی۔ جاری کردہ رینکگ کے مطابق پاکستانی ٹیم بدستور پہلی اور ہندوستان دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ جنوبی افریقی ٹیم ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگئی ہے۔ بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابراعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ فخر زماں ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں افغان لیگ اسپنر راشد خان کے بعد ہندوستان کے نوجوان اسپنر کلدیپ یادو دوسرے نمبر پر جگہ پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستانی لیگ اسپنر شاداب خان تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔ عماد وسیم نے 5 درجے چھلانگ لگاکر چوتھی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے جبکہ ایک درجہ تنزلی کے ساتھ فہیم اشرف نویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ٹاپ 10 آل رائونڈرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہے۔ آسٹریلوی میکسویل پہلے اور شکیب الحسن دوسری پوزیشن پر ہیں۔ روہت شرما 3 درجے ترقی کے ساتھ 7 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں جبکہ ان کے اوپننگ پارٹنر شکھر دھون نے12 ویں سے 11 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے۔ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن (13 ویں سے 12 ویں پوزیشن)، روس ٹیلر (58 ویں سے 51 ویں پوزیشن) اور ٹم سیفرٹ (170 ویں سے 83 ویں پوزیشن) ترقی پانے والے کیوی بلے باز ہیں جبکہ بولرس میں ٹم ساوتھی نے 37 ویں سے 30 ویں پوزیشن پر ترقی پائی ہے۔ پاکستان کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی میاچس کی سیریز میں 8 وکٹیں لینے والے پروٹیز فاسٹ بولر بیرون ہینڈرکس نے رینکنگ میں 81 ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے جبکہ سیریز میں 6 شکار کرنے والے کرس مورس نے 28 ویں سے 21 ویں اور 5 شکار کرنے والے فیلوکوایو نے 38 ویں سے 23 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے۔ بلے بازوں کی فہرست میں نمایاں ترقی پانے والے پروٹیز کپتان فاف ڈوپلیسی (20 ویں سے 17 ویں پوزیشن) اور ریزا ہینڈرکس (73 ویں سے 42 ویں پوزیشن) رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *