کابینہ میں خاتون کی عدم شمولیت افسوسناک:این شاردا

صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس کمیٹی نیرلہ شاردا نے ریاستی کابینہ میں خاتون کی عدم شمولیت پر ٹی آر ایس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور سوال کیا کہ ٹی آر ایس ٹکٹ پر4خاتون اراکین اسمبلی منتخب ہوئی ہیں۔ ان چاروں میں کیا کوئی بھی خاتون وزیربننے کی اہل نہیں ہیں؟۔ نیرلہ شاردا آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں ۔ انہوںنے کہا کہ اگر خاتون وزیر کو کابینہ میں شامل نہیں کیا جاتا ہے اور انہیں نظر انداز کیا جاتا ہے تو ان چاروں خاتون ارکان کو اسمبلی سے استعفیٰ دے دینا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک میں ایسی کوئی ریاست نہیں ہے جہاں کابینہ میں خاتون وزیر شامل نہ ہو ۔ تلنگانہ میں ہی خواتین کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ گذشتہ کا بینہ میں بھی خاتون کو شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ اس بار توقع کی جارہی تھی کہ خاتون کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔ انہوںنے کے سی آر سے سوال کیا کہ کیا صرف ان کے خاندان کی خواتین ہی عہدوں پر فائز ہوسکتی ہیں؟۔ صدر مہیلا وبھاگ نے بہبود خواتین و اطفال کا قلمدان فوری خاتون وزیر کو حلف دلا کر ان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے خواتین کے خلاف ریمارک پر وزیر جگدیش ریڈی کی مذمت کرتے ہوئے انہیں خواتین سے معذرت خوراہی کرنے اور اپنا بیان واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔

جواب چھوڑیں