ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کا ایک اور موقعہ: رجت کمار

 چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ رجت کمار نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج سے محروم اہل رائے دہندوں کو ناموں کے اندراج کیلئے ایک اور موقعہ فراہم کیا جارہا ہے ۔ اس سلسلہ میں 2 اور3 مارچ (ہفتہ اور اتوار) کو خصوصی کیمپ منعقدکئے جارہے ہیں۔ ان کیمپس میں بوتھ لیول عہدیدار، قطعی ووٹرلسٹ اور مختلف فارمس کے ساتھ موجود رہیں گے ۔ باقی اہل رائے دہندے ، ناموں کے اندراج کیلئے فارم داخل کرسکتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حالیہ دنوں میں ریاست میں ووٹرلسٹ پر نظر ثانی کی خصوصی ہم چلائی گئی تھی ۔ یکم جنوری2019 تک ریاست میں رائیدہندوں کی جملہ تعداد2,95,18,964 تک پہنچ گئی ہے ۔ ان میں مرد رائے دہندے 1,48,42,619 اور خاتون رائے دہندوں کی تعداد1,46,74,977 ہے جبکہ قطعی ووٹرلسٹ میں تیسری صنف (مخنث)1,368، سرویس ووٹرس 10,307، این آر آئی ووٹرس 1,122 معذور ووٹرس4,69,030 ، اور18 تا19 سال عمر کے ووٹرس کی جملہ تعداد 5,99,933 شامل ہے ۔ا نہوںنے فہرست رائے دہندگان میں نام درج نہ کرانے والے اہل رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ووٹرلسٹ میں اپنا نام درج کرائیں۔ رجت کمار نے مزید بتایا کہ بعد تنقیح1,95,369 فرضی ووٹرس اور 44,721 مہلوکین کے نام ووٹرلسٹ سے حذف کردئیے گئے ۔

جواب چھوڑیں