آسٹریلیا نے تیسرا ونڈے اور سیریز 3-2 سے جیت لی

میان آف دی میاچ و سیریز عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی مدد سے آسٹریلیا نے ہندوستان کو پانچویں اور آخری ونڈے میں 35 رن سے شکست دیکر 5 میاچس کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کرلی۔ واضح رہے کہ سیریز کے ابتدائی دونوں مقابلے ہندوستانی ٹیم نے جیتے تھے تاہم کنگاروئوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مسلسل 3 میاچ جیت کر سیریز اپنے نام کرلی۔ ٹیم انڈیا کو جیت کیلئے 273 رنوں کی ضرورت تھی تاہم اس کی پوری ٹیم 50 اوورس میں محض 237 رن بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ ہندوستان کی شروعات ٹھیک نہیں رہی کیونکہ صرف 15 کے مجموعی اسکور پر اوپنر شکھر دھون 12 رن بناکر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان ویراٹ کوہلی اور روہت شرما نے دوسری وکٹ کیلئے 53 رنوں کی شراکت داری کی۔ لیکن کپتان کوہلی صرف 20 رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد وکٹ کیپر ریشبھ پنت اور آل رائونڈر وجئے شنکر 16,16 رن بناکر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ اسی دوران روہت شرما نے 89 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 56 رن بناکر اپنی وکٹ بھی گنوادی۔ ہندوستان نے ایک موقع پر 132 رنوں پر اپنے 6 وکٹس گنوادیئے تھے تاہم کیدار جادھو اور بھونیشور کمار نے ساتویں وکٹ کیلئے 91 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ جیت کی امید پیدا کی تھی تاہم پیاٹ کیومنس نے بھونیشور کی وکٹ حاصل کرکے اس پر پانی پھیر دیا۔ بھونشیور کمار 44 اور کیدار جادھو 46 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں رویندر جڈیجہ صفر‘ محمد سمیع 3 اور کلدیپ یادو 8 رن پر آئوٹ ہوئے جبکہ بمراہ ایک رن پر ناٹ آئوٹ رہے۔ آسٹریلیا کیلئے ایڈم زمپا نے 3 جبکہ کیومنس‘ رچرڈسن اور اسٹاونس نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 272 رن اسکور کئے۔ عثمان خواجہ نے سیریز میں دوسری سنچری اسکور کی۔ وہ 106 گیندوں میں 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 100 رن بناکر آئوٹ ہوئے۔ خواجہ نے اس سنچری کے ساتھ ایک بڑا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ وہ ہندوستان کی سرزمین پر ٹیم انڈیا کے خلاف 5 میاچس کی ونڈے سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے غیرملکی کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اے بی ڈیویلرس کے 358 رنوں کا ریکارڈ توڑدیا۔عثمان خواجہ نے سیریز میں 76.60 کی اوسط سے 383 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان آرون فنچ 27‘ پیٹر ہینڈزکومب 52‘ مارکس اسٹاونس 20‘ ایشٹن ٹرنر 20 اور جھائی رچرڈسن نے 29 رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے بھونیشور کمار نے سب سے زیادہ 3 جبکہ محمد سمیع اور رویندر جڈیجہ نے 2,2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ واضح رہے کہ ونڈے سیریز سے قبل کھیلی گئی 2 میاچس کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی آسٹریلیا نے 2-0 سے جیت حاصل کی تھی۔

جواب چھوڑیں