ایس ایس سی امتحانات کا کل سے آغاز۔ طلبہ،سنٹر پر 45 منٹ قبل پہنچ جائیں: ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن

ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن (گورنمنٹ اگزامنیشن) ٹی وجئے کمار نے آج بتایا کہ16 مارچ سے شروع ہونے والے ایس ایس سی امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ریاست بھر میں2,563 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ ایم ایل سی انتخابات کے سبب22 مارچ کو منعقد شدنی انگلش پیپرII کا امتحان ،3 اپریل کو منعقد ہوگا ۔ انہوںنے تمام امیدواروں سے خواہش کی کہ وہ45 منٹ قبل، امتحانی مرکز پہونچ جائیں ۔ امتحانات کے اوقات کار9:30 بجے صبح سے12:15 بجے دن رہیں گے ۔ یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وجئے کمار نے بتایا کہ11,023 مدارس سے جملہ5,52,302 امیدواروں کی امتحانات میں شرکت متوقع ہے ۔ ان میں2,55,318 بوائز اور2,52,492 گرلز امیدوار شامل ہیں۔ریگولر امیدواروں کی تعداد5,07,810 بتائی گئی ہے جبکہ44,492 خانگی امیدوار بھی امتحان دیں گے ۔ تمام امیدواروں کو ہال ٹکٹس روانہ کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نقل نویسی کو روکنے کیلئے ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چار اسپیشل فلائنگ اسکواڈ ا ور144 فلائنگ اسکواڈس بنائے گئے ہیں۔ نقل نویسی میں ملوث طالب علم کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ کمار نے مزید کہا کہ امیدوار، سل فون یا الیکٹرانک الہ ساتھ نہ رکھیں تاہم ہر امیدوار کو رائٹنگ پیاڈ، پن اور پنسل ساتھ لانا ہوگا ۔ امتحانی مراکز کے اطراف امتحانات کے دوران تمام زیراکس کی دکانات کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا گیا اور ان سے خواہش کی گئی ہے کہ شدید گرمی کے پیش نظر، امتحانی مراکز پر ایمرجنسی حالات سے نمٹنے اور او آر ایس پاکٹوں کی سپلائی کیلئے تیار رہیں۔

جواب چھوڑیں